لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل بورڈ اجلاس میں ٹی20 ورلڈ کپ 2024ء کی پلیئنگ کنڈیشنز کی منظوری دیدی گئی۔آئی سی سی اجلاس میں وائٹ بال کرکٹ میں اوورز کے درمیان سٹاپ کلاک کا استعمال لازمی قرار دیدیا گیا۔آئی سی سی کے مطابق سٹاپ کلاک جون 2024 ء سے تمام ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میں مستقل ہوجائیگا۔ ون ڈے، ٹی ٹونٹی میں ایک اوور مکمل ہونے کے ایک منٹ کے اندر دوسرا اوور شروع کرنا ہوگا۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026ء کے ایڈیشن کیلئے کوالیفائی کرنے کے عمل کا بھی اعلان کیا ہے۔دوران اجلاس ٹی 20 ورلڈکپ 2024ء کے سیمی فائنلز اور فائنل کیلئے ریزرو ڈے کی منظوری دی گئی، مقررہ دن پر میچ نہ ہونے کی صورت میں میچ کیلئے ریزرو دن ہوگا۔ گروپ سٹیج میں میچ مکمل ہونے کیلئے دوسری اننگز میں کم از کم 5 اوورز کا کھیل ہونا لازمی ہوگا جبکہ ناک آؤٹ مرحلے میں میچ مکمل ہونے کیلئے دوسری اننگز میں کم از کم 10 اوورز کے کھیل کا ہونا لازمی ہوگا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میٹنگ میں ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء کے کوالی فکیشن مرحلے کی بھی منظوری دی گئی، طے پایا کہ ٹی 20 ورلڈکپ 2026ء میں 20 ٹیمیں شرکت کریں گی۔آئی سی سی کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء کی میزبانی سری لنکا اور بھارت مشترکہ طور پر کریں گے، ورلڈ کپ 2026 کیلئے 12 ٹیمیں براہ راست کوالیفائی کریں گی۔ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے سرفہرست 8 ٹیمیں اور میزبان ملک براہ راست کوالیفائی کریں گے، دیگر دو ٹیموں کا فیصلہ میزبان ٹیموں کی رینکنگ پوزیشن کے مطابق ہوگا جبکہ 8 ٹیمیں ریجنل کوالیفائرز شرکت کا حق حاصل کریں گے۔