عوام کو       آزادانہ طور پر ممنوعہ اسلحہ لہرانے والوں کے رحم پر چھوڑدیاگیاہے

  اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے ممنوعہ بور اسلحہ لائسنس کے خلاف کیس میں 6 مارچ کی کارروائی کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔  عدالت عظمی نے کہا ہے کہ عوام کو آزادانہ طور پر ممنوعہ اسلحہ لہرانے والوں کے رحم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ نے حکم نامے میں کہا کہ بظاہر پولیس، صوبائی ہوم ڈیپارٹمنٹس اور وزارت داخلہ لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے میں دلچسپی نہیں رکھتی۔ شادی ہالز، بازاروں، سکولز حتی کہ ہسپتالوں کے باہر بھی ایس ایم جیز کھلے عام نظر آتی ہیں۔ ڈالوں میں مجرمانہ مقاصد کے لیے اسلحہ اٹھائے لوگ نظر آتے ہیں لیکن پولیس انہیں نظر انداز کرتی ہے۔ قانون کی پاسداری کرنے والے شہری اسلحہ کی نمائش سے خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں، ایسے ماحول میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کی مثال والی فضا پیدا ہوتی ہے۔ ہمارے لیے یہ بات چونکا دینے کے مترادف ہے کہ پولیس کے پاس کسی اسلحہ کی تصدیق کا کوئی طریقہ کار ہی موجود نہیں۔ عدالت نے حکومت پاکستان سے بذریعہ سیکرٹری داخلہ تحریری جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ بتایا جائے کیا وفاقی حکومت کی یہ پالیسی ہے کہ آتشیں اسلحہ کی عوامی سطح پر نمائش کرنی ہے؟۔ کیا عوامی مقامات پر اسلحہ کی نمائش پر پابندی نہیں۔ عدالت عظمی نے اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کردیا۔

ای پیپر دی نیشن