شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن ) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ میاں شہباز شریف کے وزیر اعظم بننے سے قوم کے مرجھائے چہرے کھل اٹھے ہیں اور قوم کی امیدیں جاگ اٹھی ہیں کیونکہ ملک اور قوم پر جب بھی کڑا وقت آیا تو مسلم لیگ (ن) نے اپنی مربوط حکمت عملی سے نہ صرف حالات کی بہتری کیلئے اقدام اٹھائے بلکہ ملک و قوم کے مثبت تشخص کو اجاگر کیا۔ مسلم لیگ (ن) اپنے اتحادیوں کیساتھ ملکر جمہوریت کی بحالی اور ترقی کے منشور کیساتھ عوامی خدمت کی نئی تاریخ رقم کرے گی۔ جمہوریت اور ملک و قوم کیلئے ظلم وجبر اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنا صرف شریف خاندان کا خاصاہے۔ (ن) لیگ ملک کو مسائل سے نجات دلانے کیلئے سرگرم عمل ہے۔ (ن) لیگ جب جب اقتدار میں آئی مہنگائی کا خاتمہ کیا۔ میاں نواز شریف کو جھوٹے کیس کے ذریعے وزارت عظمیٰ سے ہٹایا گیا تو دہشت گردی و لوڈ شیڈنگ قصہ پارینہ بن چکی تھی، ملک ترقی کر رہا تھا۔ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف ہی حقیقی معنوں میں عوام کے دکھوں کا مداوا کرسکتے ہیں۔ نواز لیگ کے بغیر ملک کو اندھیروں سے نہیں نکالا جا سکتا ہے۔ اس پر قوم بھرپور اعتماد رکھتی ہے۔ ان شاء اللہ عوام کو مہنگائی و بے روزگاری سے نجات ہمیشہ کی طرح اب بھی (ن) لیگ ہی دلائے گی، معیشت بحال ہو گی۔