لاہور (خبرنگار) پنجاب بار کونسل نے ناموس رسالت ﷺ کے سلسلے میں یوم تحفظ رسالت ﷺ گذشتہ روز جمعہ کے روز منایا۔ پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین کامران بشیر مغل، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پیر عمران اکرم بودلہ نے سوشل میڈیا پر توہین رسالت ﷺاور اسلام مخالف مواد کی تشہیر کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے اسلام دشمن عناصر کو دین اسلام ، اللہ رب العزت، نبی و آخرالزماں حضرت محمدﷺ، اہل بیت اطہار، امہات المومنین ، اصحاب رسول ﷺ، قرآن پاک، اور پرچم پاکستان کی تضحیک کرنے کی صورت میں اور سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد نشر کرنے والے ایسے افراد کے خلاف ایف آئی اے سخت سے سخت تادیبی کارروائی کی جائے اور اس سلسلہ میں پی ٹی اے کو بھی فوری طور پر ہدایت جاری کی جائیںکہ وہ گستاخانہ مواد کو سوشل میڈیا پر نشر ہونے سے روکیں۔ پنجاب بار کونسل بھی یوم تحفظ ناموس رسالت ﷺکی مکمل حمایت کا اعلان کرتی ہے اور پنجاب بھر کی بار ایسوسی ایشنز کے صدور اور سیکرٹریز کو ہدایت کرتی ہے کہ وہ بھی اپنی اپنی بار ایسوسی ایشنز میں یوم تحفظ ناموس رسالت ﷺ منائیں اور ناموس رسالتﷺ کے تحفظ کی آگاہی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔