کراچی (کامرس رپورٹر) نئی حکومت کی تشکیل اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے مثبت اشاروں کے نتیجے میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر 5 ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا ہے۔ گزشتہ تین مہینوں کے درمیان انٹربینک مارکیٹ میں شرح تبادلہ تقریباً 280 روپے پر مستحکم رہی۔ دراصل امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں بتدریج اضافہ ہوتا رہا۔ گزشتہ برس 20 اکتوبر کو ڈالر کی قدر 278 روپے 80 پیسے تھے، اس کی قیمت اگلے پانچ ماہ تک اس سے زائد رہی، تاہم گزشتہ روز امریکی کرنسی کی قدر گر کر 278 روپے 77 پیسے تک آگئی، روپے کی قدر بدھ کو 29 پیسے اور گزشتہ روز جمعرات کو 2 پیسے بڑھی۔ آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو ایک تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 28 ہزار 559روپے اور اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت1لاکھ 95ہزار 945روپے پر مستحکم رہی۔ جبکہ فی تولہ چاندی کے بھائو بھی 2600روپے پر برقرار رہے۔ 1 پیسے کی کمی سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 281.26روپے سے گھٹ کر 281.25روپے ہو گئی۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں 1.62روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے یورو کی قدر 306.20 روپے سے کم ہو کر 304.58 روپے ہو گئی۔ جبکہ1.54روپے کی کمی سے برطانوی پونڈ کی قدر 358.27 روپے سے کم ہو کر 356.73روپے پر آ گئی۔
روپیہ تگڑا‘ ڈالر 5 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گیا‘ سونا مستحکم
Mar 16, 2024