راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے ذخیرہ اندوزی اور نگہبان رمضان پیکج کے حوالے سے شہریوں کی شکایات کے ازالہ کیلئے ہیلپ لائن 080002345 اوپن کردی ہے شہری اور صارفین جب چاہیں شکایات درج کرواسکتے ہیں انتظامیہ فوری ایکشن لے گی۔ کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ ڈویژن بھر میں اب تک 188,377مستحقین نگہبان راشن پیکج سے مستفید ہوچکے ہیں ضلع راولپنڈی میں 58923، اٹک میں 56954، جہلم میں 28122، چکوال میں 41015 اور مری میں 3363 مستحقین کو راشن پیکج ان کے گھر کی دہلیز پر پہنچایا جا چکا ہے۔ انجینئر عامر خٹک نے ہدایت کی راولپنڈی میں ڈسٹربیوشن کو تیز کیا جائے۔ چونکہ راولپنڈی میں مستحقین کی تعداد زیادہ ہے اس لئے سٹاف یا سٹاک میں کمی کی صورت میں دوسرے اضلاع سے مدد لی جاسکتی ہیان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژنل کوارڈینیشن کمیٹی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن سید نذارت علی، ڈائریکٹر جنرل ہی ایچ ات احمد حسن رانجھا و دیگر متعلقہ افسران کے علاوہ ڈپٹی کمشنر اٹک، جہلم، چکوال اور مری نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی،کمشنر نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ذخیرہ اندوزوں کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے اور پرائس مجسٹریٹس اسے صرف رمضان میں ہی نہیں بلکہ اسکے بعد بھی جاری رکھ کر اشیا ضروریہ کو عام آدمی کی پہنچ میں لائیں۔
اب تک 188,377مستحقین نگہبان راشن پیکج سے مستفید ہوچکے ،کمشنر راولپنڈی
Mar 16, 2024