وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے یہ بات لاہور میں ملاقات کے لیے آئے ہوئے لاہورپریس کلب کے عہدیداروں کے وفد سے بات چیت میں کہی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں اورسپریم کورٹ کے فیصلوں پرعملدرآمد کریں گے۔ ایک سوال پروزیراعظم نے کہا کہ تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کریں تو اچھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی قیادت، فوج اوراسٹیبلشمنٹ میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ وفاقی وزیرعبدالقیوم جتوئی کےاستعفے کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے لیےعبدالقیوم جتوئی کی قربانیاں قابل قدرہیں، ان سے استعفیٰ واپس لینے کی درخواست کریں گے۔ ایک اورسوال پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام وزرا کو با اختیاربنا دیا گیا ہے اوروہ کسی پر اپنے فیصلے مسلط نہیں کرتے ۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جعلی ڈگریوں کے حوالے سے انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست کی ہے کہ وہ ایسا نظام وضع کریں کہ جس کے تحت ان افراد کو پارٹی ٹکٹ نہ مل سکے ۔ اس موقع پروزیر اعظم نے لاہورپریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت بھی قبول کی۔