لاہور (خصوصی رپورٹر + این این آئی) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پنجاب ایجوکیشن فاﺅنڈیشن غریب خاندانوں کے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ بلاشبہ غربت، بیروزگاری اور انتہاپسندی جیسے مسائل کے خاتمے کے لئے تعلیم موثر ترین ہتھیار ہے۔ کم وسیلہ اور مستحق خاندانوں کے بچوں اور بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں پنجاب ایجوکیشن فاﺅنڈیشن کا کردار لائق تحسین ہے۔ ایوان وزیراعلیٰ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاﺅنڈیشن کی جانب سے صوبے کے مستحق طلبا وطالبات کے لئے مختلف تعلیمی پروگرامزکامیابی سے چل رہے ہیں اور پنجاب ایجوکیشن فاﺅنڈیشن کے تعلیمی پروگرامزسے صوبے کے لاکھوں مستحق طلبا وطالبات مستفید ہورہے ہیں۔ منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فاﺅنڈیشن عنبرین رضا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب ایجوکیشن فاﺅنڈیشن کے تعلیمی پروگرامز کے تحت صوبے کے 36اضلاع میں پارٹنرز سکولوں کے ساڑھے گیارہ لاکھ سے زائد مستحق طلبا مستفید ہورہے ہیں۔ پنجاب ایجوکیشن فاﺅنڈیشن کی واﺅچر سکیم کے ذریعے مستحق بچوں وبچیوںکے والدین کو تعلیمی اخراجات کے لئے ماہانہ 400روپے ادا کئے جاتے ہیں۔ دریں اثنا ایک اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ہنرمند افرادی قوت کسی بھی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے، نوجوانوں کو فنی تعلیم سے آراستہ کرکے ملک و قوم کی تقدیر بدلی جاسکتی ہے،ہنرمند ورک فورس ملک کے معاشی استحکام کا بھی ذریعہ بنتی ہے جو بیرون ملک روزگار حاصل کرکے ملک کیلئے قیمتی زرمبادلہ بھجوا سکتی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ صنعتکاروں کی مشاورت سے مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق افرادی قوت تیار کی جائے تاکہ کورسز مکمل کرنے والوں کو فوری روزگار کے مواقع حاصل ہوسکیں‘وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمندی کے نئے کورسز متعارف کرانے کا جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی نصف سے زائد آبادی خواتین پر مشتمل ہے انہیں ہنرمند بنا کر ملک کی ترقی کے عمل میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں جاری سکل ڈویلپمنٹ پروگرام ہنرمند فورس تیار کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ علاوہ ازیں نگران وزیراعلی پنجاب نجم سیٹھی سے یہاں بلوچستان کے نگران وزیراعلی نواب غوث بخش باروزئی نے ملاقات کی۔ اس دوران باہمی دلچسپی کے امور اور عام انتخابات کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔