اکثریت کے باوجود مرکز اور پنجاب میں دوسری جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) سابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ارکان اسمبلی کی اکثریت کی حمایت کے باوجود مسلم لیگ (ن) قومی مفاد کیلئے مرکز اور پنجاب میں دوسری جماعتوں کو ساتھ لیکر چلے گی۔ وہ رائیونڈ میں مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کرنے والے نومنتخب اراکان قومی و صوبائی اسمبلی اور ان کے حامیوں سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) مرکز میں ایک ایسی حکومت قائم کریگی جو حقیقی معنوں میں وفاق کی نمائندہ حکومت ہو گی اور جس کی اولین ترجیح ملک کو درپیش معاشی بحران سے نجات دلانا ہو گی۔ ہم اس بحران سے نجات کیلئے وسائل میں اضافے، ضروری اخراجات میں کمی اور ترجیحات میں تبدیلی کی حکمت عملی پر عمل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر جمہوریت کی مضبوطی اور ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے حکومت کا مستحکم ہونا ضروری ہے۔ آزاد اراکین کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت نہ صرف حکومت کے استحکام کا باعث بنے گی بلکہ اس سے عوامی سطح پر مسلم لیگ (ن) کی پذیرائی میں بھی اضافہ ہو گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ سیاست محض خواب دیکھنے اور دکھانے کا کام نہیں بلکہ یہ عوام کی خدمت کا دوسرا نام ہے۔ اس کے لیے جان مارنا پڑتی ہے اور مٹی کے ساتھ مٹی ہونا پڑتا ہے۔ پنجاب میں انتخابات کے نتائج نواز شریف کی قیادت اور عوام کی طرف سے ہمارے جذبہ¿ خدمت کا عملی اعتراف ہے۔ سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ لیپ ٹاپ، سولر لیمپس، تعلیمی وظائف اور آشیانہ سکیم جیسے منصوبوں پر صرف پنجاب کے عوام کا حق نہیں۔ میری خواہش ہے کہ اس طرح کے منصوبے ہر پاکستانی کے لیے بنائے جائیں۔ مجھے امید ہے کہ دوسرے صوبوں میں قائم ہونے والی نئی حکومتیں اپنے عوام کیلئے اس طرح کے پروگرام متعارف کرائیں گی۔ اجلاس میں موجود آزاد اراکین اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت میاں نوازشریف سے بہتر قیادت میسر نہیں آسکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے علاقوں میں انتخاب یہ کہہ کر لڑا تھا کہ ہم منتخب ہو کر اپنی نشستیں نوازشریف کی خدمت میں پیش کر دیں گے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...