بحری قوتیں خارجہ پالیسی کا اہم ہتھیار تصور کی جاتی ہیں: ایڈمرل آصف سندھیلہ

May 16, 2014

لاہور ( این این آئی) چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد آصف سندھیلہ نے کہا کہ عہد حاضر میں رواں صدی کو بحری صدی کا درجہ دیا جا رہا ہے جس میں بین الاقوامی درجہ بندی اور دفاعی لحاظ سے کسی بھی قوم کے لئے سمندر خصوصی اہمیت کے حامل ہیں، جغرافیائی سیاست، معاشی ترقی، عسکری اور ٹیکنالوجی میں مقابلہ کرنے کے لئے سمندر مرکزی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان نیوی وار کالج لاہور کے زیر انتظام منعقد ہونے والا دو روزہ انٹرنیشنل میری ٹائم سمپوزیم کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایڈمرل محمد آصف سندھیلہ نے کہا کہ ایک مضبوط نیوی آج کل ایک عالمی سلوگن بن چکا ہے۔ بحری قوتیں خارجہ پالیسی کا اہم ترین ہتھیار تصور کی جاتی ہیں۔ بحری فورسز کسی بھی قوم کے میری ٹائم اثاثوں کی محافظ ہوتی ہیں۔ ورثے میں ملی ہوئی خصوصیت کی بدولت نیوی کسی بھی بحران، قدرتی آفات میں ردِعمل کے لئے بہترین فورس ہے اور سرچ اینڈ ریسکیو ضروریات کا آسان ترین ذریعہ ہے۔ پاکستان نیوی نے ملک بھر میں میری ٹائم کی افادیت پھیلانے کے سلسلے میں اہم اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے پنجاب کے علمی اداروں پر بھی زور دیا وہ اپنے زیر انتظام تعلیمی اداروں میں میری ٹائم کی تعلیم کو فروغ دیں۔ قبل ازیں سمپوزیم کے دوسرے دن کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) آصف یاسین ملک نے کہا کہ کئی وجوہات جن میں زمینی جغرافیہ، براعظمی شعور اور معاشی محدودیت شامل ہیں کی وجہ سے پاکستان میری ٹائم ترقی میں کھل کر حصہ نہ ڈال سکا اور میری ٹائم سیکٹر اپنے وجود کے قیام کیلئے کوشاں رہا لیکن اس سیکٹر کی اہمیت کو مزید نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ حکومت، ملک کے میری ٹائم سیکٹر میں وسیع پیمانے پر حاصل ہونے والے معاشی فوائد اور ملکی ترقی میں میری ٹائم کی اہمیت سے مکمل طور پر آگاہ ہے۔ چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے بھی سمپوزیم کے دوسرے سیشن سے خطاب کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ سے زیادہ قومیں اپنے اپنے ملک کی نعمتوں سے فائدہ اٹھانے کے لئے اب سمندر کی طرف توجہ مبذول کر رہی ہیں۔

مزیدخبریں