حیدرآباد دکن (این این آئی) بھارت میں مذہبی جھڑپوں کو ختم کرنے کے لئے پولیس کی فائرنگ کے نتیجے میں تین مسلمانوں کی شہادت کے بعد علاقے میں حالات کشیدہ ہوگئے ٗ سکیورٹی فورسز نے علاقے میں صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیئے کرفیو نافذ کر دیا۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق اکثریتی مسلم آبادی پر مشتمل آندھرا پردیش کے دارالحکومت حیدرآباد میں مذہبی پرچم نذر آتش کرنے کی افواہوں کے بعد مشتعل انتہا پسندوں نے مسلمانوں کی دکانوں اور گھروں پر حملہ کر دیا، پولیس کمشنر سی وی آنند نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے علاقے میں صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لئے کرفیو نافذ کر دیا۔ آنند نے کہا کہ پولیس کو مشتعل ہجوم کو منتشر کرنے کے لئے فائرنگ کرنی پڑی۔ بھارتی میڈیاکے مطابق گولیوں سے زخمی تین افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں شہید ہو گئے۔ تاریخی چار مینار کے گرد و نواح میں اضافی پولیس اور نیم فوجی دستوں کو تعینات کر دیا گیا۔ حیدرآباد پولیس نے یہ ظاہر کرنے سے انکار کردیا کہ فسادات میں کون ملوث تھا۔