پیپلزپارٹی میں جو بھی خرابیاں پیدا ہوئیں ذمہ دار زرداری ہیں: صفدر عباسی

لاہور (خصوصی رپورٹر) پیپلزپارٹی کے ووٹ بنک کی بربادی سمیت پیپلزپارٹی میں جو بھی خرابیاں پیدا ہوئیں اس کے ذمہ دار آصف زرداری اور وہ لوگ ہیں جنہوں نے پیپلزپارٹی جیسی جمہوری جماعت کو خاندانی اور وراثتی جماعت بنا دیا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی ورکرز کے صدر ڈاکٹر صفدر عباسی اور سیکرٹری جنرل ساجدہ میر نے سردار حر بخاری کے ہمراہ پارٹی دفتر علامہ اقبال ٹاؤن میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا آصف زرداری کی منافقت کی سیاست نے بلاول کی مستقبل کی سیاست کو خراب کیا۔ بلاول میرا بیٹا اور بھانجا اور ذوالفقار علی بھٹو کا نواسا ہے اس کے لئے میرا مشورہ ہے کہ وہ خود طے کرے کہ مستقبل کی سیاست کیا کرنی ہے۔ بلاول نے ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو شہید کی سوچ کو اپنایا تو ہم جیسے کارکن ان کے ساتھ چلنے کے بارے میں ضرور سوچیں گے۔ سیاسی قیادتیں عوام میں اپنا اعتماد کھو رہی ہیں اور پنڈولم ملٹری کی طرف شفٹ ہو رہا ہے۔ پیپلزپارٹی کا ووٹ بنک 37 فیصد سے کم ہو کر 15 فیصد رہ گیا ہے۔ پنجاب میں ووٹ بنک سکڑ کر 8 فیصد ہو چکا ہے۔ کنٹونمنٹس بورڈ کے الیکشن میں پارٹی کا صفایا ہو گیا اور ملک بھر سے صرف 7 کونسلر کامیاب ہوئے۔ الیکشن 2013ء کے بعد خود احتسابی کی جاتی تو پارٹی کا یہ حال نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ورکرز کے نام سے پارٹی رجسٹر کرا لی نظریاتی کارکنوں کو ساتھ ملا کر جمہوری جماعت بنائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن