لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان نے ہیڈکوچ وقاریونس سے ٹیم سلیکشن کے اختیارات چھین لئے جس کے بعد چیف سلیکٹرہارون رشید کیلئے بغیرکسی دبائو کے مرضی کی ٹیم منتخب کرنے کا راستہ کھل گیاہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کی بنگلہ دیش کے ہاتھوں ون ڈے سیریز اور واحد ٹی ٹونٹی میچ میں عبرتناک شکست کے بعد ڈراپ کئے جانیوالے دونوں پلیئرز احمد شہزاد اور عمراکمل کو پاک زمبابوے سیریز میں واپس لانے کا فیصلہ کرلیاگیاہے۔ زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز میں فوادعالم اور اسدشفیق کو بھی موقع نہ دینے کافیصلہ کیاگیاہے جبکہ راحت علی اور سہیل خان ان فٹ ہونے کے سبب قابل غورنہیں، ان کی جگہ کراچی کے آل رائونڈر انورعلی کو موقع دئیے جانے کا امکان ہے۔