چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی سائل کے بھیس میں فیروز والا کچہری آمد، مسائل دیکھے

May 16, 2015

لاہور+ فیروز والا ( اپنے نامہ نگار سے+ نامہ نگار) لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس منظور احمد ملک نے گزشتہ روز ضلع کچہری کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے عدالتی افسروں کی کارکردگی کا معائنہ کرنے کے ساتھ ساتھ عملے کی یونیفارم کا جائزہ بھی لیا۔ انہوں نے ججوں اور عملے کو انتباہ کیا کہ بلا جواز غیر حاضری اور دیر سے آنے والے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ دریں اثناء چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ منظور احمد ملک گذشتہ روز مقامی کچہری بغیر سکیورٹی اور پروٹوکول عام سائل بن کر پہنچے اور سکیورٹی انتظامات اور عدالتوں میں ججز کی حاضری چیک کی۔ انہوں نے ایڈیشنل سیشن اور سول کورٹ کی عدالتوں کا معائنہ کیا۔ عدالتوں میں تاریخ پیشی والی لسٹیں بھی چیک کیں۔ چیف جسٹس منظور احمد ملک نے کچہری میں آنے والے سائلوں سے بھی ان کے مسائل سے متعلق معلومات لیں۔ انہوں نے عدالتی عملے کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ڈیوٹی کے دوران وردی پہن کر رکھیں۔ اس موقع پر مختلف وکلاء نے چیف جسٹس سے ملاقات کی۔ جسٹس منظور احمد ملک نے کہا کہ جج اور وکلاء ایک ہیں۔ ہم سب کو مل کر مظلوموں کو انصاف فراہم کرنا ہے۔ عام آدمی کی نظریں انصاف کے لئے عدالتوں کی طرف اٹھتی ہیں ججز اور وکلاء کو مل کر عام آدمی کا انصاف پر اعتماد بحال کرنا ہو گا۔

مزیدخبریں