اسلام آباد (آئی این پی) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ پاکستان کے دفاع اور جیوپولیٹیکل حالات میں پاکستان نیوی کا اہم کردار ہے اور ان کی تمام تر توجہ اس وقت سمندری حدود کی حفاظت کرنے پر مرکوز ہے، پاک چین اقتصادی راہداری اور گوادر پورٹ ملکی تاریخ کا اہم عوامی منصوبہ ہے جس سے بالعموم خطے اور بالخصوص پاکستان کے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیوی کی تنصیبات کے دورے کے بعد کیا، دورے میں ان کے ہمراہ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے ارکان بھی شامل تھے۔ اس موقع پر کمیٹی کو چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ذکاء اللہ نے بریفنگ دی۔ سید مشاہد حسین سید نے کہا کہ نیوی کی تنصیبات کے دورے کی رپورٹ ایوان بالا میں پیش کریں گے۔ انہوں نے تجویز دیتے ہوئے کہا پاکستان کے تحفظ کیلئے میری ٹائم سکیورٹی پلان ازحد ضروری ہے اور حکومت کو 50ہزار مربع کلومیٹر براعظمی ٹکڑے کی حفاظت کیلئے حکمت عملی ترتیب دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نیا شپ یارڈ گوادر میں بنانے کے ساتھ ساتھ کراچی میں بھی بنائے۔ ایڈمرل ذکاء اللہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اقتصادی راہداری کی وجہ سے عالمی طور پر پاکستان کی قدرومزلت میں اضافہ ہوا ہے اور سمندر میں موجود پاکستان کا دفاع کرنے والی پاکستان نیوی اس منصوبے کی اہمیت سے آشنا ہے۔
ملکی تحفظ کیلئے میری ٹائم سکیورٹی پلان ضروری ہے: مشاہد حسین
May 16, 2016