حیدرآباد، سیہون شریف (اے پی پی+ نوائے وقت رپورٹ) حضرت عثمان مروندی ؒ المعروف لعل شہباز قلندر کا 765 واں سالانہ عرس شروع ہوگیا۔ عرس کا باقاعدہ افتتاح گورنر سندھ محمد زبیر نے چاد ر چڑھا کر اور فاتحہ خوانی کرکے کیا۔ انکے ہمراہ سندھ کے سینئر وزیر نثار احمد کھوڑو ، صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ ، سید غلام شاہ جیلانی اور درگاہ لعل شہباز قلندر کے گدی نشین و دیگر منتظمین اور ضلعی حکام بھی موجود تھے۔ عرس کی تقریبات 3 دن جاری رہیں گی۔ عرس کے موقع پر گزشتہ روز عام تعطیل تھی۔ عرس میں شرکت کیلئے ملک بھر سے زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بیرون ِ ملک سے بھی زائرین شریک ہو نگے۔ رواں برس 16 فروری کو لعل شہباز قلندرکے مزار کے اندر ہونیوالے دھماکے کے بعد عرس مبارک کے دوران زائرین کی سکیورٹی اور کسی بھی ممکنہ واقعہ سے نمٹنے کیلئے سکیور ٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ شدید گرمی کے باعث مختلف مقامات پر ٹھنڈے پانی کی سبیلیں اور فوری طبی امداد کیلئے مفت طبی کیمپس کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ دوسری طرف سیہون شریف میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ملک بھر سے آئے زائرین میں سے چار شدید گرمی کی وجہ سے جاں بحق ہوگئے۔ ایدھی حکام کا کہنا ہے کہ حبس اور گرمی سے چار زائرین دم توڑ گئے۔ تین کی شناخت ہوگئی، شناخت نہ ہونے والے ایک زائر کی تدفین ایدھی کے رضاکاروں نے کردی۔
سیہون شریف: لعل شہباز قلندر کے عرس کی تقریبات شروع، شدید گرمی سے 4 زائرین جاں بحق
May 16, 2017