لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پاک چین دوستی کو وسیع پیمانے پر ٹھوس معاشی اور اقتصادی شکل دی ہے اور سی پیک سے پاک چین تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔ سی پیک کے اثرات دیرپا اور مستقل ہیں اور سی پیک کی شکل میں آئندہ نسلوں کو بھی بہتر مستقبل کا ورثہ دے کر جائیں گے۔ چین اور پاکستان کے حکام وا نتظامیہ سی پیک کو آگے بڑھانے کیلئے ایک ٹیم کے طورپر کام کررہے ہیں اور بہترین افہام و تفہیم کے ذریعے دونوں ملکوں نے سی پیک کو آگے بڑھایا ہے۔ وزیراعلیٰ نے یہ بات بیجنگ میں چینی خبررساں ایجنسی ’’شنہوا‘‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ وزیراعلیٰ نے کہا سی پیک کے تحت انتہائی کم عرصہ میں اہم اہداف حاصل کئے اور گزشتہ 70 برس کے دوران اس سپیڈ سے منصوبوں کی تکمیل کا تصور بھی نہیں کیاگیا‘ سی پیک کے تحت متعدد منصوبے تکمیل کے قریب ہیںاوریہ منصوبے پاکستان کی تعمیر وترقی میں اہم کردارادا کریں گے۔ انہوں نے کہا دشمن سی پیک کیخلاف سازش کررہا ہے جو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ پاکستان اور چین کی ویژنری قیادت اس ضمن میں چیلنجز سے نبردآزما ہونے کیلئے پرعزم ہے اور دونوں ملکوں کی قیادت دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنائے گی اور سی پیک دشمن کی ہر سازش کو شکست دے کر آگے کی جانب بڑھتا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ون بیلٹ ون روڈ صدر شی جن پنگ کا ایک تاریخ ساز منصوبہ ہے اور یہ ترقی، خوشحالی اورامن کی امید ہے اور ہم اس شاندار ویژن کی بھر پور حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں کو بہترین سہولتیں اورماحول فراہم کیاگیا ہے ۔ توانائی بحران کے خاتمے کیلئے بجلی کے منصوبوں کی تکمیل کا عمل شروع ہوچکا ہے ۔ 1320میگاواٹ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار شروع ہوچکی ہے اوراس منصوبے کا افتتاح رواں ماہ وزیراعظم محمد نوازشریف کریںگے، اسی طرح بھکی گیس پاور پراجیکٹ سے بھی 717 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے اوریہ منصوبہ ریکارڈ مدت میں بجلی فراہم کر رہا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے منصوبوں میں شفافیت کا جو معیار متعارف کرایا اس کی مثال نہیں ملتی۔ یہی وجہ ہے آج دنیا پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی معترف ہے اورکرپشن میں نمایاں کمی کا اعتراف کیا جارہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ چینی سرمایہ کار پنجاب میں دل کھول کر سرمایہ کا ری کریں اورکاروباری مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ محمد شہباز شریف سے بیجنگ میں چین کی سرمایہ کار کمپنیوں کے سربراہوںنے الگ الگ ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے سرمایہ کار کمپنیوں کے سربراہوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ چین نے اس وقت پاکستان کیساتھ دوستی کا حق ادا کیا جب ہمیں دہشت گردی اور توانائی بحران کا سامنا تھا۔ پنجاب میںچینی سرمایہ کاروں کو کارخانے لگانے کیلئے ہر طرح کی سہولتیں دیں گے اور میں پنجاب میں چینی تعاون سے شروع کئے جانیوالے منصوبوں کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بہترین سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ متعدد چینی کمپنیاں پاکستان خصوصاً پنجاب میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ آئیں پنجاب میں دل کھول کر سرمایہ کاری کریں، آپ کی ہر طرح معاونت کریںگے۔ پنجاب کی تعمیر و ترقی میں آپ کے تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ شہباز شریف سے بیجنگ میں چین کی ہاؤسنگ سیکٹر کی معروف کمپنی کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت کمپنی کے صدر ڈنگ جیان وائی کر رہے تھے۔ چینی کمپنی نے پنجاب کے ہاؤسنگ سیکٹر خصوصاً کم لاگت کے گھروں کی تعمیر کے منصوبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہارکیا۔ ویڈیو لنک کے ذریعے اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد شہباز شریف نے کہا گندم کے کاشتکاروں میں باردانہ کی تقسیم پر عدالت کے سٹے آرڈر کے سلسلے میں محکمہ خوراک اور دوسرے ذمہ داروں نے جس تساہل سے کام لیا وہ کسی صورت قابل برداشت نہیں۔ مجھے یقین ہے کہ اگر متعلقہ ذمہ داروں کی طرف سے معاملے کی نزاکت کے پیش نظر عدلیہ کے تحفظات کو دور کرنے کے لئے بروقت اقداما ت کئے جاتے تو کاشتکاروں میں باردانہ کی تقسیم میں وقتی تعطل پیدا ہونے سے بچا جا سکتا تھا۔ انہوں نے کہا پنجاب کی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کا فرض ہے وہ ان ایام میں باردانہ کی تقسیم میں آنے والی کمی کو پورا کرنے کے لئے دن رات ایک کر دیں - میں چین میں بیٹھ کر اس معاملے کی پوری نگرانی کر رہا ہوں اور کاشتکاروں کے مفادات پر آنچ نہیں آنے دی جائے گی- کاشتکاروں میں باردانہ کی منصفانہ تقسیم ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ وزیراعلی نے اجلاس میں شریک متعلقہ حکام اور ذمہ داروں سے افسوس کے ساتھ سوال کیا باردانہ کی تقسیم کا عمل رکا ہوا تھا تو آپ کو نیند کیسے آتی تھی؟ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف اور عالمی رہنماؤں کے اعزاز میں بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں تقریب منعقد ہوئی۔ ممبر سٹینڈنگ کمیٹی آف دی پولٹ بیورو آف کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ سینٹرل کمیٹی لیوین شن نے وزیراعلی کا پرتپاک استقبال کیا۔ اٹلی‘ یونان اور فرانس کے سابق وزرائے اعظم، افریقن پولیٹیکل پارٹیز کونسل کے سیکرٹری جنرل اور دیگر ممالک کے رہنماؤں نے تقریب میں شرکت کی۔ محمد شہباز شریف نے صدارتی ایوارڈ یافتہ نعت خواں منیبہ شیخ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔