فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) وزیرمملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ موجودہ عوامی حکومت مارچ 2018ءتک لوڈشیڈنگ کے خاتمے کےلئے پرعزم اور کوشاں ہے ۔ امسال اگست تک بجلی کی پیداوار 21 ہزار میگاواٹ تک لیجائیں گے۔ رمضان المبارک میں صارفین کو ہر ممکن ریلیف پہنچایا جائیگا اور سحر و افطار کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔ انہوں نے فیسکو کے تمام 66 کے وی استعداد کے گرڈز کو 132 کے وی میں تبدیل کرنے کے احکامات بھی دیئے وہ فیسکو ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور ان کی تمام ٹیم اپنے انتخابی منشور اور وعدوں کے مطابق ملک سے لوڈشیڈنگ کے منحوس سایوں کو ختم کرنے کےلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں مختصرالمدتی، وسط المدتی اور طویل المدتی منصوبوں پر جنگی بنیادوں پر کام جاری ہے۔ مختصرالمدتی منصوبوں کے ثمرات سامنے آرہے ہیں ان منصوبوں سے بجلی کی پیداوار شروع ہوگئی ہے۔ انہوں نے فیسکو میں 66 کے وی گرڈز کو اَپ گریڈ کرنے اور لو وولٹیج کے خاتمے کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے احکامات دیئے۔ انہوں نے موسم گرما بالخصوص ماہ رمضان میں ٹرانسفارمرز جلنے کے واقعات کے تدارک کرنے کے احکامات بھی دیئے۔ وزارت اور پیپکو کی ٹاسک فورس ہر تقسیم کار کمپنی میں جا کر برقی ترقیاتی کاموں کو مانیٹر کریگی۔ جب انکی حکومت برسراقتدار آئی تھی تو ملک بھر میں 18,18گھنٹے کی لوڈشیڈنگ تھی، موجودہ حکومت کے اقدامات کے باعث لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں خاصی کمی ہوئی ہے۔ اگر پچھلے ادوار میں اس قومی مسئلہ کے حل کےلئے کام کیا جاتا تو عوام کو یہ دن نہ دیکھنا پڑتے۔ قبل ازیں چیف ایگزیکٹو فیسکو مجاہد اسلام باللہ نے فیسکو کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ گذشتہ چار سالوں میں فیسکو ریجن میں چھ نئے گرڈز تعمیر کئے گئے ہیں جبکہ 66 کے وی کے دو گرڈسٹیشنوں کو 132 کے وی میں تبدیل کیا گیا ہے۔ 804 ملین روپے کی لاگت سے 148 کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن لائن کا اضافہ کیا گیا رواں مالی سال میں 69 کلومیٹر کی دو ٹرانسمشین لائن 278 ملین کی لاگت سے مکمل ہوںگی۔ علاوہ ازیں فیسکو کے تقسیمی و ترسیلی نظام میں گذشتہ چار سالوں میں 8 ہزار ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کا بھی اضافہ کیا گیا۔ چیف ایگزیکٹو نے مزید بتایا کہ بجلی کے تعطل کی صورت میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کےلئے فیسکو دفاتر کو 181ٹرالی ٹرانسفارمرز مہیا کر دیئے گئے ہیں مختلف استعداد کے 1123 ٹرانسفارمرز سٹورز میں موجود ہیں۔ ٹرانسفارمرجلنے کی صورت میں فوری طور پر صارفین کو ریلیف مہیا کیا جائیگا۔ اجلاس میں جنرل مینجر آپریشن نظام الدین مروت، جنرل مینجر ٹیکنیکل سردار مسعود اقبال، چیف انجنیئر آپریشن عامل صدیقی، چیف کمرشل آفیسر مجاہد پرویز چٹھہ، ایس ای فرسٹ سرکل محمد بشیر، ایس ای سیکنڈ سرکل چوہدری محمد یعقوب، ایس ای جھنگ سرکل خواجہ محمد یسین ، ایس ای سرگودھا سرکل محمد سلیم اور دیگر فیسکو افسران نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابدشیر علی نے کہاہے کہ وزیر اعظم نے تین نسلوں تک تلاشی دی ¾ اب عمران خان بھی اپنی تلاشی دیں ¾ پرویز الٰہی بھی سپین اور فرانس میں اپنی بے نامی جائیداد کا حساب دیں اور وضاحت پیش کریں ¾سندھ اور کے پی میں جو ڈاکو راج ہے اس سے عوام کو چھٹکارہ دلائیں گے ¾ 2018 میں چاروں صوبوں میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہوگی۔ نیوز لیکس کا معاملہ اب ختم ہو چکا ہے ¾اس پر کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ¾نا زیبا زبان استعمال کرنا شائستہ جمہوریت کی توہین ہے جسے غیور پاکستانی کبھی برداشت نہیں کریں گے ۔
عابد شیر علی
حکومت مارچ 2018ءتک لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے پرعزم اور کوشاں ہے: عابد شیر علی
May 16, 2017