مکرمی! نوائے وقت کی وساطت سے میں آپ کی توجہ ایک اہم مسئلہ کی طرف مبذول کروانا چاہتا ہوں کہ ہمارے علاقے عقب شالامار باغ مدینہ کالونی میں کچھ عرصہ سے بدبودار اور گٹروں کا ملا ہوا پانی آ رہا ہے جس پر شالامار واسا کا عملہ کوئی دھیان ہی نہیں دے رہا۔ بہت شکایت کی مگر ہماری اہل علاقہ کی کوئی شنوائی نہیں ہو پا رہی۔ جس سے علاقے میں بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ بڑھ چکا ہے۔ ہماری اہل علاقہ آپ سے درخواست ہے کہ واسا شالا مار باغ سے اس بات کا نوٹس لیا جائے کہ علاقہ میں بدبو دار پانی آخر کیوں آ رہا ہے؟ اسی طرح افتخار پارک کی کچھ گلیاں ایسی بھی ہیں جن میں ہر وقت پانی آتا ہے مگر اس وقت کے برعکس کچھ گلیاں ایسی بھی ہیں جن میں صبح کے ٹائم یا رات کے وقت ٹائم صرف ایک سے ڈیڑھ گھنٹے تک پانی آتا ہے وہ بھی موٹر لگا کر آتا ہے۔ جب اس بابت واسا شالیمار سے بات کی جاتی ہے تو اُن کا صرف ایک ہی جواب ہوتا ہے کہ جی آپ کا علاقہ اونچا ہے۔ یہ یاد رہے جب صبح اور رات کو پانی آتا ہے تو کیا علاقہ نیچا ہو جاتا ہے۔ میری واسا کے اعلیٰ حکام سے اپیل ہے کہ خدارا اس مسئلے کو پرسنل سمجھتے ہوئے اس پر غور فرمائیں آگے رمضان شریف آ رہا ہے اس میں پانی کی اشد ضرورت ہوتی ہے۔ فیصل حق: (حق سٹریٹ، افتخار پارک، عقب شالامار باغ لاہور 0300-9457727)