فیصل آباد + تاندلیانوالہ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ یاور علی نے کہا ہے کہ مظلوم کو انصاف کی جلد فراہمی کے سلسلے میں عدالتی عمل بار اور بنچ کے مابین مربوط حکمت عملی کا متقاضی ہے اور اس ضمن میں وکلاء اور ججز اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی میں متحرک کردار ادا کریں تاکہ مقدمات کی سماعت میں تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے یہ بات تحصیل تاندلیانوالہ اور سمندری کے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں سے خطاب میں کہی۔ جسٹس لاہور ہائیکورٹ انوارالحق ‘ جسٹس مامون الرشید ‘ ڈسٹرکت اینڈ سیشن جج فیصل آباد محمد عبدالناصر ‘ ڈپٹی کمشنر سلمان غنی ‘ سی پی او اطہر اسماعیل ‘جج انسداد دہشت گردی خلیل احمد ناز ‘ صدر تحصیل بار تاندلیانوالہ افتخار امین واصل‘ صدر تحصیل بار سمندری چوہدری ارشد محمود وڑائچ ‘ سیکرٹری بار مصطفے وٹو ‘ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز ‘ سول ججز اور تاندلیانوالہ ‘ سمندری بار ایسوسی ایشنز کے عہدیدارن بھی موجود تھے۔ جسٹس محمدیاور علی نے کہا کہ انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی کے سلسلے میں وکلاء کا ہمیشہ قابل قدر کردار رہا ہے لٰہذا مقدمات کی سماعت کے دوران بھی بار اور بنچ کو مکمل ہم آہنگی سے کام کرنا چاہئے۔ وکلاء اور ججز ایک جسم کی مانند اورمعاشرے میں انصاف کی فراہمی کا ذریعہ ہیں جنہیں لوگوں کو انصاف دلانے کا ٹاسک ہر حال میں مکمل کرنا ہے۔ چیف جسٹس نے تحصیل تاندلیانوالہ اور سمندری میں بار ایسوسی ایشنز کی طرف سے ان کا شاندار استقبال کرنے پر شکریہ ادا کیا اورکہا کہ وکلاء نے ان سے جس وابستگی کا اظہار کیا ہے وہ انہیں اس سے دوگنا پیار دیتے رہیں گے۔ تمام اضلاع کی ماتحت عدلیہ اور بار کو یکساں سہولیات کی فراہمی کے لئے جامع منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ جسٹس محمدیاور علی تحصیل بار ایسوسی ایشن تاندلیانوالہ پہنچے تو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ چیف جسٹس نے جوڈیشل کمپلیکس کے احاطہ میں شجرکاری کے سلسلے میں پودے لگائے ۔ انہوںنے سائلان کے بیٹھنے کے لئے شیڈ ‘ ملاقاتی روم ‘ بار روم کا بھی افتتاح کیا ۔ چیف جسٹس نے تحصیل سمندری میں بار ایسوسی ایشن کی تقریب کے دوران نو منتخب عہدیداران سے حلف بھی لیا اور انہیںمبارکباد پیش کی۔ تاندلیانوالہ بار صدر محمد افتخار امین واصل، چیف جسٹس تاندلیانوالہ تشریف آوری پر خوش آمدید کہا۔ صدر بار تحصیل سمندری چوہدری ارشد محمود وڑائچ نے خطاب کیا۔ چیف جسٹس نے چائلڈ میٹ روم کا بھی افتتاح کیا۔