بلوچستان کے نگران وزیراعلیٰ اور انکی کابینہ کا اعلان اسمبلی کی تحلیل کے دن کیا جائیگا، ذرائع

May 16, 2018

کوئٹہ(بیورو رپورٹ) بلوچستان کے نگران وزیراعلیٰ اور کابینہ کا اعلان موجودہ اسمبلی کی تحلیل کے دن کیا جائیگا۔ صوبائی حکومت کا بجٹ اجلاس 2018-19ء 19مئی تک جاری رہیگا ۔ موجودہ صوبائی اسمبلی سمیت دیگر صوبوں اسمبلیاں اور قومی اسمبلی 31مئی کو اپنی مدت پوری کرنے کے بعد تحلیل ہوجائیگی۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ جس دن موجودہ اسمبلی اپنی مدت پوری کریگی یعنی 31مئی کو اسی دن رات گئے تک نگران وزیراعلیٰ اور نگراں کابینہ کے ارکان کا اعلان کردیا جائے گا ،اور یکم جون کو نئے نگراں وزیراعلی اور انکی کابینہ حلف اٹھائے گی ۔ اس سلسلے میں کئی سابق وزراء اعلیٰ ،موجودہ کابینہ میں شامل وزیر، قبائلی شخصیت کا نام زیر غور ہیں۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدو س بزنجو اور بلوچستان صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عبدالرحیم زیارتوال کے درمیان نگراں وزیراعلیٰ کیلئے باضابطہ طورپر کوئی میٹنگ نہیں ہوئی اور اگر وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور اپوزیشن لیڈر عبدالرحیم زیارتوال کے درمیان نگران وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق رائے نہ ہوسکا تو وزیراعلی بلوچستان اور اپوزیشن لیڈر 3،3نام الیکشن کمیشن کو بھیجیں گے اور الیکشن کمیشن ان 6ناموں سے ایک نگران وزیراعلیٰ کا نام کا انتخابات کریں گے ۔

مزیدخبریں