اسلام آباد(آن لائن) ایشین ڈویلپمنٹ بنک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) میں سرمایہ کاری بڑھانے کا عندیہ دے دیا۔اے ڈی بی کے مطابق پاکستان میں پی پی پی میں سالانہ 20 ارب ڈالر کی طلب ہے۔اس حوالے سے بتایا گیا کہ حکومت نے اگلے مالی سال 19-2018 کے بجٹ میں 100 ارب روپے مختص کیے تاہم اضافی وسائل کے لیے عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے پورے کیے جانے کا امکان ظاہر کیا۔ملک میں انفراسٹرکچر کی بڑھتی ہوئی طلب اور نجی شعبوں کو درکار وسائل کو پورا کرنے کے لیے ایشیائی ترقیاتی بنک اور حکومت پاکستان نے ‘نئی حکمت عملی پر غور پر آمادگی کا اظہار کیا جس میں اے ڈی بی کی سرمایہ کاری کا معاملہ بھی شامل ہے’۔اے ڈی بی کا تین روزہ مشاورتی اجلاس جاری ہے جس میں اگلے تین برسوں کی منصوبہ بندی اور پاکستان میں پی پی پی کے امور زیر بحث ہیں۔پاکستان میں اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ڑی ہونگ یانگ اور اے ڈی بی میں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے ڈائریکٹر تاکیو کوایکی نے پاکستان میں توانائی سمیت دیگر شعبوں میں مالی و تکنیکی مدد اور تعاون جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔کنٹری ڈائریکٹر ژی ہونگ یانگ نے زور دیا کہ شراکت داروں اور اے ڈی بی کے مابین رابطہ کاری اور مشاورت کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے جس کے تحت مزید پرکشش سرمایہ کاری کی جا سکے اور پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کا مناسب حل نکلا جا سکے۔