لاہور/ حافظ آباد/ اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نامہ نگار+ سپیشل رپورٹر + ایجنسیاں) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف غداری کے مقدمہ کے اندراج کا حکم دینے کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت آج تک ملتوی کردی۔ فاضل عدالت نے درخواست گزاروں کو حکم دیا قومی سلامتی کمیٹی کی طرف سے جاری پریس ریلیز درخواست کے ساتھ لف کریں۔ بادی النظر میں حکومت اس الزام کی تردید کر رہی ہے ایسے میں غداری کیسے ہو گئی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت کیا ایسے بیانات غداری کے زمرے میں آتے ہیں۔ فاضل عدالت نے درخواست گذار سے پوچھا کہ کارروائی کے لیے ایف آئی اے سے رجوع کریں۔ درخواست گزاروں کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کو کارروائی کی درخواست دی مگر کارروائی نہیں ہو رہی۔ درخواست گزار کے وکیل اشتیاق چوہدری نے کہا وزرات داخلہ کو درخواست کی روشنی میں انکوائری کا حکم دیا جائے۔ جسٹس شمس محمود مرزا نے عوامی تحریک کے خرم نواز گنڈا پور اور آفتاب ورک ایڈووکیٹ کی درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا نواز شریف کا بیان غداری کے مترادف ہے۔ غداری کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔ این این آئی کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف اندراج مقدمہ سے متعلق درخواست قابل سماعت قرار دے دی۔ گزشتہ روز ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے دلائل سننے کے بعد نواز شریف کے خلاف دائر درخواست قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ جسٹس عامر فاروق نے محفوظ شدہ فیصلہ پڑھ کر سنایا اور درخوست کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے ڈی جی ایف آئی اے، چیئرمین پیمرا اور چیئرمین پی ٹی اے سے جواب طلب کیا ہے۔ بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا نواز شریف نے 3 مئی کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر قومی راز افشا کرنے کی دھمکی دی۔ نواز شریف کے 12 مئی کے بیان کو بھارت نے پاکستان کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے اعتراف کے طور پر لیا۔ انہوں نے استدعا کی تھی کہ ڈی جی ایف آئی اے کو نواز شریف کے خلاف کارروائی اور مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔ پاکپتن سے نامہ نگار کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کیلئے پاکپتن میں بھی درخواست دائر کردی گئی۔ معروف سماجی شخصیت ملک شاہد مصطفی کی جانب سے تھانہ سٹی میں درخواست دی گئی۔ پیر محل سے نامہ نگار کے مطابق ضلعی چیئرمین قومی کمشن برائے انسانی حقوق مہر محمد ریاض سرگانہ نے بھی نوازشریف کے خلاف ملکی سلامتی اور خود مختاری کے بارے میں بیان بازی کرنے پر مقامی تھانہ میں اندراج مقدمہ کے لئے درخواست دیدی۔ ہارون آباد سے نامہ نگار کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما معظم علی چوہدری نے نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق بیان کے خلاف تھانہ سٹی پولیس ہارون آباد میں اندراج مقدمہ کیلئے درخواست دیدی۔ لاہور سے نامہ نگار کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ق) پنجاب کے نائب صدر چوہدری اعجاز، مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی صدر سہیل چیمہ، سجاد بلوچ صدر مسلم لیگ لیبر ونگ پنجاب، رانا حنیف جوائنٹ سیکرٹری مسلم لیگ پنجاب، مبشر حسین نائب صدر مسلم لیگ لاہور، حافظ عامر باجوہ سابق ڈپٹی سپیکر شالیمار ٹائون، زبیا احسن نائب صدر مسلم لیگ شعبہ خواتین لاہور نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے بیان پر تھانہ ریس کورس لاہور میں آرٹیکل 6 کے تحت اندراج مقدمہ کی درخواست جمع کروا دی۔ لاہور سے سپیشل رپورٹر کے مطابق تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما اعجاز احمد چوہدری نے پارٹی رہنما شبیر سیال کے ہمراہ نواز شریف کے ملک دشمن بیان کے خلاف تھانہ لیاقت آباد میں ایف آئی آر درج کرا دی۔ اس موقع پر کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی کارکنوں نے نواز شریف کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور مودی کا جو یار ہے غدار ہے کے نعرے لگائے۔ اعجاز احمد چوہدری نے کارکنان اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نوازشریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرانے کی درخواست جمع کرائی ہے۔ نواز شریف کے ملک دشمن بیان کے خلاف کل ساڑھے 3 بجے پی ٹی آئی لاہور پریس کلب کے باہر احتجاج کرے گی۔ حافظ آباد سے نامہ نگار کے مطابق پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے ضلعی صدر نوید احمد لنگاہ ایڈووکیٹ نے نواز شریف کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لئے پولیس تھانہ سٹی میں درخواست جمع کروا دی۔ مزید براں ظفر اقبال ایڈووکیٹ نے بھی اندراج مقدمہ کے لئے درخواست دائر کردی۔
نواز شریف کیخلاف غداری کا مقدمہ ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی
May 16, 2018