راولپنڈی (محمدرضوان ملک / نیوزرپورٹر) موسم گرما کی چھٹیوں کے معاملے پر حکومت پنجاب کے شیڈول سے اختلاف کے بعد پرائیویٹ سکول ایسویسی ایشن میں بھی پھوٹ پڑ گئی۔ مختلف پرائیویٹ سکولوں کے مالکان نے موسم گرما کی چھٹیوں کے لئے مختلف تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ پرائیویٹ سکولوں کے ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے معاملے پر خاموشی اختیار کر لی۔ ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر میں موسم گرما کی چھٹیاں 17 مئی سے کرنے کا اعلان کئے جانے کے بعد پرائیویٹ سکولوں کی ایسوسی ایشن نے حکومت پنجاب کے شیڈول سے اختلاف کرتے ہوئے موسم گرما کی چھٹیاں 17 مئی کی بجائے سات جون سے ہی کرنے کا اعلان کیا تھا۔ لیکن پرائیویٹ سکول رجسٹریشن اتھارٹی راولپنڈی کی جانب سے نوٹسز کے اجراء کے بعد بیشتر پرائیویٹ سکول مالکان نے ہتھیار ڈال دئیے اور ایک ساتھ موسم گرما کی چھٹیاں کرنے کا ایسوسی ایشن کا فیصلہ ماننے سے انکار کر دیاہے۔ ذرائع کے مطابق اس معاملے پر شہر کے بیشتر پرائیویٹ سکول مالکان نے اپنے اپنے طور پر سکولوں میں چھٹیوں کا اعلان کر دیا ہے اور اب بیشتر پرائیویٹ سکول بھی سترہ مئی سے یکم جون تک موسم گرما کی چھٹیوں پر رضامند ہو گئے ہیں۔
موسم گرما کی تعطیلات،پرائیویٹ سکول ایسویسی ایشن میں بھی پھوٹ پڑ گئی
May 16, 2018