لاہور( حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) سیاسی بحران کے شکار پاکستان کرکٹ بورڈ میں سیاسی جوڑ توڑ عروج پر ہے، مختلف ایسوسی ایشنز کے عہدیداران کے سیاسی حریف پاکستان کرکٹ بورڈ کی آنکھوں کا تارا بن گئے ہیں۔ کوئٹہ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن سے پی سی بی گورننگ بورڈ کے سابق رکن اور شاہ دوست سے ریجنل ایسوسی ایشن صدر کا الیکشن ہارنے والے مراد اسماعیل کی بورڈ حکام سے ملاقات ہوئی ہے۔ گورننگ بورڈ کے نعمان بٹ اور شاہ دوست اپنے موقف پر سختی سے قائم ہیں۔ پی سی بی نے مختلف ذرائع شاریز روکھڑی کی طرح ان اراکین کو بھی بیان بدلنے، ریجنل اور ڈیپارٹمنٹ کرکٹ کو بحال رکھنے اور مینجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کی تقرری کو کالعدم قرار دینے کا بیان واپس لینے کے لیے قائل اور مائل کرنے کی کوشش کی ہے۔ تاہم وہ موقف سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہیں۔ پلان اے میں ناکامی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ اب پلان بی پر کام کرتے ہوئے ایسوسی ایشنز کی سیاست میں ملوث ہوتے نظر آ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق مراد اسماعیل نے بورڈ کے مختلف عہدیداروں سے ملاقاتیں کی ہیں۔ مراد اسماعیل کا شمار کوئٹہ میں ڈی نوٹی فائی کیے جانے والے گورننگ بورڈ کے رکن شاہ دوست کے بڑے سیاسی حریفوں میں ہوتا ہے۔ شاہ دوست مراد اسماعیل کو شکست دیکر کوئٹہ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر اور پی سی بی گورننگ بورڈ کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ سترہ اپریل کو کوئٹہ میں ہونیوالی بورڈ میٹنگ کے بعد شاہ دوست اور پی سی بی آمنے سامنے ہیں۔ کرکٹ بورڈ نے شاہ دوست کو ڈی نوٹی فائی کرتے ہوئے کوئٹہ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کا الیکشن شیڈول جاری کر دیا تھا بورڈ کے اس فیصلے کے خلاف شاہ دوست نے ہائیکورٹ سے رجوع کرتے ہوئے پٹیشن دائر کی۔ جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے بورڈ سے چوبیس مئی کو جواب طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے پاکستان کرکٹ بورڈ شاہ دوست کے مقابلے میں مراد اسماعیل کو ہر طرح کی مدد فراہم کرے گا۔ کرکٹ بورڈ حکام سے ملاقات میں کوئٹہ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے انتخابات پر بات چیت ہوئی ہے جبکہ عدالتی معاملات بھی زیر بحث رہے ہیں۔ ایک طرف پاکستان کرکٹ بورڈ حکام سیاسی مداخلت آئی سی سی کی ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہیں تو دوسری طرف علاقائی تنظیموں کے معاملات میں بھی فریق بنے نظر آتے ہیں۔ چیئرمین احسان مانی مختلف ایسوسی ایشنز کے عہدیداران کے سیاسی مخالفین سے بھی ملاقاتیں کرتے رہتے ہیں۔ آئین میں تبدیلی پر تیزی سے کام جاری ہے۔ احسان مانی برطانیہ سے واپسی پر کانسٹی ٹیوشن کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کر چکے ہیں۔ بورڈ قرارداد کوئٹہ کے بعد بحرانی کیفیت سے دوچار ہے۔ نعمان بٹ کے خلاف کیس ایڈجوڈیکیٹر کو بھیجا جا چکا ہے، سیالکوٹ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر کرکٹ بورڈ کے اقدامات کیخلاف ہائیکورٹ سے رجوع کر چکے ہیں کوئٹہ کے منتخب نمائندے شاہ دوست کو یکطرفہ کارروائی کے بعد ڈی نوٹی فائی کیا جا چکا ہے۔ شاہ دوست بھی ہائیکورٹ سے رجوع کر چکے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ میں سیاسی بحران، حکام کے مخالفین کے حریفوں سے رابطے
May 16, 2019