اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)ہلالِ احمر پاکستان نے ایک اور سنگ ِ میل عبور کرتے ہوئے نیشنل ڈیزاسٹر اینڈ رِسک مینجمنٹ فنڈ کے ساتھ آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میںمقامی سطح پر آفات سے نمٹنے کیلئے تیاری، سماجی بے داری، سماجی ترقی اور بنیادی سہولیات کی کمیونٹی لیول پر فراہمی کیلئے معاہدہ طے پا لیا ہے۔ گزشتہ روز سیکرٹری جنرل ہلالِ احمر پاکستان خالد بن مجید اور این ڈی آر ایم ایف کے خرم خالق خان نے این ڈی آرایم ایف کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل (ر) ندیم احمد کی موجودگی میں تاریخی معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ معاہدہ کی رُو سے جہاں آزاد کشمیر کے چار اضلاع میں روزگار کے مواقع پید ہوںگے۔ وہاں پانی کے ذخیرے، پانی کی فراہمی، زمینی کٹاؤ کو روکنے، موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر مسائل سے متعلق آگاہی مہم، چیک ڈیموں اور پیدل راستوں کی پختہ تعمیر، شجرکاری، بنیادی مراکزصحت اور پرائمری سکولوں کی فعالیت و دیکھ بھال جیسے منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچائے جائیں گے۔