کراچی (نوائے وقت رپورٹ) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کرونا ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس کی منظوری دے دی۔ گورنر نے کرونا ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس پر دستخط کر دیئے۔ آرڈیننس کے تحت دکان‘ مکان‘ دفتر کے کرایوں کی ادائیگی مؤخر کر دی گئی ہے۔ سندھ کرونا وائرس ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس فوری طور پر نافذ العمل ہو گا۔ آرڈیننس کے تحت وائرس سے متاثرہ طبقات کو سماجی معاشی ریلیف مل سکے گا۔ اس سے قبل گورنر سندھ نے سندھ ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس پر اعتراض عائد کیا تھا جس پر سندھ حکومت نے ان کے اعتراضات دور کر کے آرڈیننس دوبارہ منظوری کے لئے بھیجا تھا۔ گورنر سندھ کا اعتراض تھا کہ گیس اور بجلی کا معاملہ وفاقی حکومت کے دائرہ کار میں آتا ہے۔ سندھ حکومت نے گورنر کے اعتراض پر گیس اور بجلی کی رعایت کا معاملہ آرڈیننس سے خارج کر دیا تھا۔