اپوزیشن نازک وقت میں بھی سیاست کر رہی ہے، بدعنوان عناصر کا احتساب ہونا چاہئے: شبلی فراز

May 16, 2020

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز نے خبر دارکیا ہے کہ اگر لوگوں نے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کیں تو کرونا کے مریضوں میں اضافہ ہو سکتا ہے،موجودہ صورتحال کے تناظر میں عوام کو ایک بالغ النظر قوم کی حیثیت سے ذمہ داری کا مظاہرہ کر نا ہوگا۔سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہاکہ لاک ڈاون میں نرمی سے متعلق فیصلہ تمام صوبوں سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔ہمیں اس وبا کی روک تھام اور بھوک کے درمیان توازن قائم کرنا ہو گا۔موجودہ صورتحال میں حزب اختلاف کے کردار کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کے بعض ارکان اس نازک وقت پر بھی سیاست کر رہے ہیں۔ قانون کے مطابق بدعنوان عناصر کا احتساب ہونا چاہئے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت سندھ کو31 ارب روپے فراہم کئے گئے ہیں۔وفاقی وزیر نے اس بات کا اعتراف کیا کہ قرنطینہ مراکز میں کچھ مسائل ہیں تاہم حکومت اپنے وسائل کے مطابق لوگوں کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

مزیدخبریں