اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) شہبازشریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی فوری وطن واپسی کے لیے اضافی اور خصوصی پروازیں چلائی جائیں ،جہاز چارٹر کریں لیکن عیدالفطر سے قبل بیرون ملک پھنسے تمام پاکستانیوں کی وطن واپسی یقینی بنائی جائے ،بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے ساتھ بھیڑ بکریوں کا سلوک بند کیا جائے،بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو درپیش تکالیف اور پریشانی پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا اپنی ذمہ داریاں پوری کریں،وزیراعظم اور وزیر خارجہ کو احساس ہوتا تو اب تک یہ آپریشن مکمل ہو جاتا ،حکومت کی توجہ عوام کی مشکلات حل کرنے کے بجائے تقریروں، تسلیوں اور اپوزیشن کو فتح کرنے پر مرکوز ہے،بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں کے باہرلمبی قطاریں حکمرانوں کی بے حسی اور پاکستانیوں کی بے بسی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ پاکستان کی مدد کرنے والے پاکستانیوں کو سفاک حالات کے رحم و کرم پر چھوڑنے کی اجازت نہیں دے سکتے،وزیراعظم عمران خان کی بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے اب کمٹمنٹ کہاں ہے؟ ،حکومت کو یہ احساس بھی نہیں کہ بیرون ملک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کے پاس وسائل بھی ختم ہوچکے ہیں ، ان شکایات پر تشویش ہے کہ وزیراعظم آفس، وزارت خارجہ اور ایک چہیتے وزیر کی پرچی پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لئے شرط بنادی گئی ہے ۔