گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے تقریباً 14 ہزار 878 ٹیسٹ کئے گئے

May 16, 2020 | 23:02

ویب ڈیسک

ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے چودہ ہزار 878 ٹیسٹ کئے گئے ہیں جو کورونا وائرس مریضوں کی تشخیص کیلئے سب سے بڑی تعداد ہے۔یہ بات وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کے زیر صدارت ہفتہ کے روز اسلام آباد میں قومی کمان اور آپریشن مرکز کے اجلاس کے دوران بتائی گئی۔اسد عمر نے کورونا ٹیسٹ کرنے کی استعداد کار میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا جس میں مارچ کے وسط میں لیبیارٹریوں کے اضافے سے تیس گنا اضافہ ہوا ہے اور اب ان لیبارٹریوں کی تعداد دو سے بڑھ کر ستر ہوگئی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو اس وباء کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے تحفظ اور لوگوں کی فلاح وبہبود کیلئے تمام ضروری اقدامات کریںگے۔اجلاس کے دوران گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت صوبائی چیف سیکرٹریریوں نے نرمی کے فیصلوں کے بعد صحت کے قواعدوضوابط کے نفاذ اور نماز عید کے اجتماعات کے ساتھ ساتھ صنعتوں اور مارکیٹوں کیلئے وضع کئے گئے ضابطہ کار کے نفاذ کے حوالے سے آگاہ کیا۔اجلاس کے دوران مارکیٹ ایسوسی ایشنوں اور تاجر تنظیموں کو وزارت صحت کی طرف سے جاری کئے گئے ضابطہ کار پر عملدرآمد یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں ایسی مارکیٹ کو مشترکہ ذمہ داری یقینی نہ بنانے پر مکمل طور پر بند کیا جائیگا۔

مزیدخبریں