لاہور( خصوصی نامہ نگار ) پاکستان مسلم لیگ (قائداعظم) پنجاب کے صوبائی جنرل سیکرٹری سینیٹر کامل علی آغانے کہا ہے کہ اسرائیل نے انسانیت کیخلاف طبل جنگ بجادیا۔ فلسطینیوں کیخلاف اسرائیلی جارحیت شدت پسندی کاشاخسانہ ہے، دنیا شدت پسندی کی متحمل نہیں ہوسکتی۔ اسرائیل کے چنگل سے آزادی کاجذبہ ا ورجنون فلسطینیوںکے خون میں دوڑتا ہے۔ فلسطینی قوم کی کئی بیش قیمت نسلیں اورفصلیں حق آزادی کیلئے قربان ہوگئیں لیکن اس کے باوجود کئی دہائیوں سے ان کاجوش وجذبہ ماند نہیں پڑا۔فلسطینی ہیرویاسرعرفات نے جومشعل آزادی روشن کی تھی اسے دنیا کی کوئی طاقت نہیں بجھاسکتی۔ ابابیل کی طرح غلیل سے اپنے دشمن کو پتھرمارنا بچوں سمیت نوجوان فلسطینیوں کی آبرومندانہ اورجراتمندانہ مزاحمت کا منفرد انداز ہے۔نہتے فلسطینیوں کیخلاف اسرائیل کی حالیہ جارحیت بھی بربریت کابدترین مظاہرہ ہے ، ہم اس کی پرزور مذمت اوراقوام متحدہ سے فوری مداخلت کامطالبہ کرتے ہیں۔اپنے ایک بیان میں سینیٹر کامل علی آغا نے مزید کہا کہ مسجد اقصیٰ مسلمانوں کے قبلہ اوّل ہونے کی حیثیت سے ان کی وفائوں اورعقیدتوں کامحور ہے لہٰذاء اسرائیلی اہلکار مسجد اقصیٰ کاتقدس اورمسلمانوں کے جذبات واحساسات ملحوظ خاطررکھیں۔کیا اسرائیل پراقوام متحدہ کے ضابطہ اخلاق کااطلاق نہیںہوتا۔