اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) شیخ رشید نے کہا ہے کہ شہباز شریف کا نام ابھی تک ای سی ایل میں نہیں ڈالا گیا، کابینہ سے سمری آنے پر قانون کے مطابق فیصلہ ہوگا۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق اپنے بیان میں کہا کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے کابینہ کو بھجوائی سمری واپس نہیں آئی، کابینہ سے منظور سمری پیر یا منگل کو آ سکتی ہے، قوم کو پیر یا منگل تک انتظار کرنا ہوگا پھر وزارت داخلہ اور وزارت قانون فیصلہ کرے گی۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ ایسا کیس ہے جس میں 14 ملزم پہلے ہی ای سی ایل پر ہیں، اس کیس میں شہباز شریف کے خاندان کے پانچ ملزم پہلے ہی مفرور ہیں۔قبل ازیں وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف اپنے بیان میں کہا کہ مظلوم اور نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی جارجیت آج پانچویں روز بھی جاری ہے، عالمی میڈیا کے مطابق اسرائیل اب تک 140 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کر چکا، مسلمان ملکوں کو اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کا فوری نوٹس لینا چاہئے، اسرائیلی جارحیت اور انتہاپسندی کو روکنا اقوام عالم کی ذمہ داری ہے۔