حافظ آباد : عید الفطر کے موقع پرچھوٹا گوشت 1300‘ بڑا 600 روپے کلو فروخت

May 16, 2021

 حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت) حافظ آباد میں عید کے موقع پر قصابوں نے لوٹ مار مچادی۔چھوٹا گوشت 13سوروپے کلو اور بڑا گوشت 6روپے کلو تک میں فروخت ہوتا رہا۔ جبکہ ضلعی انتظامیہ کے افسران عید منانے میں مصروف رہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی نے بڑے گوشت کی قیمت ساڑھے چار سو روپے کلو اور چھوٹے گوشت کی ساڑھے آٹھ سوروپے فی کلو مقررکررکھی ہے۔لیکن عید کا چاند نظر آتے ہی مقامی قصابوں نے چھوٹا گوشت 13سوروپے کلو میں جبکہ بڑا گوشت 6روپے  کلو میں فروخت کرکے تجوریاں بھرنا شروع کردیں۔متعدد قصاب جانوروںکو مذبح خانہ لیجانے کی بجائے اپنی دوکانوں پر ہی ذبح کرتے رہے۔ جبکہ محکمہ ویٹرنری کے افسران نے بھی خاموشی اختیار کئے رکھی۔ حافظ آباد میں برائلر گذشتہ روز 453روپے فی کلو فروخت ہوتا رہا۔ شہریوں نے برائلر کی قیمتوںمیں ہوشرباء اضافہ پر سخت تشویش کا اظہارکرتے ہوئے اسے پولٹر ی مافیا کی کارستانی قراردیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت ایک طرف غریب عوام کو ریلیف دینے کے دعوے کرتی ہے جبکہ دوسری جانب وہ چینی مافیازاور پولٹری مافیاز کی کارستانیوں کو روکنے میں مکمل ناکام دیکھائی دیتی ہے جس کی وجہ سے غریب عوام کا جینا محال ہوچکا ہے۔

مزیدخبریں