کراچی(کامرس رپورٹر)حکومت نے آئندہ 3 برسوں میں کمرشل بینکوں کے ذریعے چھوٹے اور متوسط کاروبار (ایس ایم ایز) کے درمیان 60 ارب روپے کے ضمانت سے پاک قرض کی تقسیم کا ہدف تشکیل دینا شروع کردیا ہے۔ اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے ایک عہدیدار کے مطابق ایس ایم ایز، خاص کر چھوٹے کاروبار اپنے کیش فلو کے اسٹیٹمنٹس پر بینکوں سے ایک کروڑ روپے تک کا قرض حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔ذرائع کے مطابق اس قرض کے حصول کے لیے انہیں قرض دہندگان کے ساتھ اپنے اثاثوں کا وعدہ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی تاہمیہ اسکیم ابھی اقتصادی تعاون کمیٹی سے منظور ہوناباقی ہے ۔سمیڈا عہدیدار کے مطابق نئی اسکیم اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ڈیزائن کی ہے جس میں مارکیٹ کی شرح سود سے کم شرح پر قرض فراہم کیے جائیں گے۔عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ اس میں سبسڈی کی لاگت یا شرح سود کا فرق حکومت پورا کرے گی،یہ اسکیم اسمیڈا کی جانب سے ایس ایم ای پالیسی کے مسودے میں دی گئی تجاویز پر بنیاد کرتی ہے۔ساتھ ہی انکا کہنا تھا کہ کلین لون، قرض لینے والوں کی جانب سے فکسڈ کیپٹل انویسٹمنٹس کے علاوہ ان کی ورکنگ کیپٹل ضروریات کے لیے دستیاب ہوگا۔ایس ایم ای کی مجوزہ پالیسی کے مطابق کوئی کاروبار جس کی سالانہ آمدن 15 کروڑ روپے ہوگی اسے چھوٹا کاروبار سمجھا جائے گا جبکہ 15 سے 80 کروڑ روپے سالانہ آمدن والے کاروبار کو درمیانے درجے کا کاروبار کہا جائے گا۔ واضح رہیکہ حکومت نے اسٹیٹ بینک کی جانب سے ایس ایم ایز کے لیے مجوزہ نئی مالیاتی اسکیم کے لیے بنیادی رقم فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے جس کا مقصد معاشی نمو اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔
کمرشل بینکوں سے 3سال میں ایس ایم ایز کیلئے 60ارب قرض کا ہدف
May 16, 2021