پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز کا شڈول جاری 

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ تصدیق کرتا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم 21 جولائی سے 24 اگست تک ویسٹ انڈیز کا دورہ کا کرے گی، جہاں دونوں ٹیمیں 2 ٹیسٹ اور 5 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچزمیں مدمقابل آئیں گی۔دونوں بورڈز کی باہمی مشاورت کے بعد منظور شدہ شیڈول کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈکے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنے کے بعد 21 جولائی کو ویسٹ انڈیز پہنچے گی۔شیڈول کے مطابق  دونوں ٹیموں کے مابین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز کے تمام 5 میچز دو مختلف وینیوز بارباڈوس اور گیانا میں کھیلے جائیں گے۔ ابتدائی 2 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز 27 اور 28 جولائی کو  بارباڈوس جبکہ باقی تینوں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز 31جولائی، یکم اور 3 اگست کو گیانا  میں کھیلے جائیں گے۔ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز مکمل کرنے کے بعد قومی اسکواڈ 6 سے 7 اگست تک گیانا میں دو روزہ پریکٹس میچ کھیلیگا، جس کے بعداسکواڈ  جمیکا روانہ ہوجائے گا، جہاں دونوں ٹیموں کے مابین 2 ٹیسٹ میچزپر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔ سبینا پارک میں شیڈول سیریز کا پہلاٹیسٹ میچ 12 سے 16 اگست جبکہ دوسرا 20 سے 24 اگست تک کھیلا جائیگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ ویسٹ انڈیزہمیشہ قابل قدر اور بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے، کیریبین کرکٹ کی تاریخ  ہے کہ وہاں کھیلوں کی بہترین سہولیات اور  حوصلہ افزائی کرنے والے شائقین کرکٹ کی موجودگی تمام کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کی ترغیب دیتی ہے۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی کا کہنا ہے کہ کرکٹ ویسٹ انڈیزکی مشاورت اور آئی سی سی ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ کی آمد کے پیش نظر ہم نے ابتدائی طور پر سیریز میں شامل 1 ٹیسٹ میچ کی جگہ 2 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز شامل کرنے پر اتفاق کیا ہے، اس اقدام سے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو مزید بہتر انداز سے میگا ایونٹ کی تیاری کرنے میں معاونت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف یہ سیریز پاکستان کرکٹ کے ایکشن پیک سیزن کا حصہ ہے،آئندہ 8 ماہ کے دوران اس ایکشن پیک سیزن میں پاکستان کو نیوزی لینڈ ، انگلینڈ ، ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی میزبانی کرنے کے علاوہ  انگلینڈ ، افغانستان  اور  بنگلہ دیش کے خلاف اوئے سیریزبھی کھیلنی ہے،اسی دوران قومی کرکٹ ٹیم آئی سی سی  ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں بھی شرکت کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ آنے والی ہر سیریز ہمارے لیے بہت اہم ہے کیونکہ ہم 2023 تک اپنی ٹیم کو ہر طرز کی کرکٹ  میں ٹاپ تھری پوزیشنز پر دیکھنا چاہتے ہیں۔پاکستان نے آخری مرتبہ2017 میں  ویسٹ انڈیز کا دورہ کیا تھا ، جہاں مہمان ٹیم نے پہلی مرتبہ 1-2 سے ٹیسٹ سیریز جیت کراس وقت ٹیم میں موجود سینئر ترین کھلاڑیوں مصباح الحق اور یونس خان کو بہترین فیئرویل دی تھی۔دلچسپ امر یہ ہے کہ وہ  دونوں کھلاڑی اب بحثیت کوچ قومی کرکٹ ٹیم کے ہمراہ ویسٹ انڈیز کا دورہ کریں گے۔مصباح الحق بطور ہیڈ کوچ اور یونس خان بطور بیٹنگ کوچ قومی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔کیریبئن سرزمین پر یہ دونوں ٹیموں کے درمیان  مجموعی طور پر نویں ٹیسٹ سیریز ہوگی،جہاں 4 مرتبہ کامیابی میزبان ٹیم اورایک مرتبہ مہمان ٹیم کے نام رہی۔سبینا پارک میں دونوں ٹیموں کا ٹیسٹ ریکارڈ 2-2 سے برابر ہے۔ یہاں کھیلے گئے چار ٹیسٹ میچز میں سے 2 میں پاکستان اور 2 میں ویسٹ انڈیز نے فتح اپنے نام کی۔ویسٹ انڈیز میں کھیلی گئی اب تک تین ٹی ٹونٹی سیریز میں  پاکستان کو 1-2 سے سبقت حاصل ہے۔ شیڈول کے مطابق  قومی اسکواڈ21 جولائی کو بارباڈوس پہنچے گا۔27 جولائی کو پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ بمقام بارباڈوس،28 جولائی کو دوسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ بمقام  بارباڈوس،31 جولائی کو تیسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ  بمقام گیانا،یکم اگست کو چوتھا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ  بمقام گیانا،3 اگست کو پانچواں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ  بمقام  گیانا،6تا7 اگست: 2 روزہ پریکٹس میچ  بمقام گیانا،12 تا 16اگست: پہلا ٹیسٹ  میچ بمقام  جمیکا،20 تا24 اگست: دوسرا ٹیسٹ  میچ بمقام جمیکا اور25 اگست کوقومی اسکواڈ کی وطن واپسی ہوگی۔

ای پیپر دی نیشن