کراچی(نوائے وقت نیوز)جمعیت علما اسلام پاکستان کے رہنما قاری محمد عثمان نے کہا کہ عید الفطر اور ضمنی انتخابات کے اعلانات میں مماثلت پائی جاتی ہے نہ جانے جمعہ کی عید سے بچنے کا دور جہالت کا حربہ تو استعمال نہیں کیا گیا۔ اعلان میں غیر معمولی تاخیر اور عین اعلان کے وقت کی ویڈیو کا وائرل ہونا لمحہ فکریہ ہے، جبکہ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کا اعلان جبر کی سی کیفیت کی عکاسی کرتا تھا۔ کراچی سمیت ملک بھر کے نامور علما کرام اور ماہرین فلکیات کو عوام میں پائے جانے والے اضطراب کو دور کرنے کے لئے مشترکہ موقف کا اعلان کرنا ہوگا۔ وہ عید اور باسی عید پر ملاقات کیلئے آئے ہوئے جماعتی احباب سے گفتگو کررہے تھے۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی جس تحریر کو پڑھ رہے تھے جمعہ، جمعرات پر مشابہت معنی خیز لگ رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اگر واقعی ایک روزہ ضائع کیا گیا ہے تو بہت ہی ضروری ہے کہ پاکستان کے مقتدر علما کرام اور ماہرین فلکیات قوم کو تذبذب سے نکالنے کیلئے اپنی متفقہ رائے کا اظہار کریں۔