کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے ناظم ڈاکٹر عبد الوہاب قادری نے نہتے فلسطینی عوام پر اسرائیلی حملے و بربریت کے خلاف ملیر میں جما عت اہلسنّت کے تحت احتجاجی مظاہرے سے اپنے خطاب میں کہا کہ صیہونی ریاستی دہشت گردی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ اسرائیلی جنگی طیاروں نے بمباری کر کے غزہ شہر کو تباہ کر دیا ہے حملوں میں درجنوں بچوں سمیت کئی ا فراد موت میں منہ میں جا چکے ، ہسپتال زخمیوں سے بھرے پڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی سنگین پامالی پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی پر شدید تشویش ہے۔غیرت مند اسلامی ممالک مشترکہ محاذ تشکیل دے کر اسرائیلی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کیلئے لائحہ عمل بنائیں۔احتجاجی مظاہرے میں جما عت اہلسنّت ضلع کورنگی و ملیر کے عہدیدار علامہ سید راشد علی رضوی،مولانا سلیم نقشبندی،قاضی بلال لقادری نے بھی خطاب کیا ۔مقررین کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے والے مسلم ممالک کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔ عالمی ادارے روایتی مذمتی بیانات سے آگے بڑھ کر صیہونی ریاستی دہشت گردی کے خلاف عملی اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم مظلوم فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کر رہی ہے ۔
اسلامی ممالک اسرائیلی جارحیت کاجواب دینے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل بنائیں۔ڈاکٹر عبد الوہاب قادری
May 16, 2021