لاہور (سپورٹس رپورٹر ) قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باولر محمد عامر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرڈ ہونے کے بعد سے ہی انگلینڈ میں رہ رہے ہیں اور اب انہوں نے شہریت کیلئے درخواست بھی دیدی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سابق فاسٹ باولر محمد عامر نے انگلینڈ کی شہریت کیلئے درخواست دیدی۔ اگر انہیں انگلینڈ کی شہریت مل جاتی ہے ، تو ان کیلئے عالمی کرکٹ کے کئی راستے کھل جائیں گے۔ انگلینڈ کی کاونٹی کرکٹ کے علاوہ وہ دنیا کی سب سے بڑی کرکٹ لیگ آئی پی ایل میں بھی کھیل پائیں گے۔اگر قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باولر محمد عامر کو انگلینڈ کی شہریت مل جاتی ہے تو وہ سابق فاسٹ باولر اظہر محمود کی آئی پی ایل میں حصہ لے سکتے ہیں جنہوں نے بھارتی لیگ میں متعدد میچ کھیلے ہوئے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق محمد عامر نے جب سے ریٹائرمنٹ لیا ہے ، فیملی کیساتھ انگلینڈ میں ہی رہائش پذیر ہیں اور انہوں نے انٹرویو میں بھارتی کرکٹ کی تعریف کی۔ پاکستان میں نوجوان کھلاڑیوں کو انتہائی کم تجربہ پر ہی انٹرنیشنل ڈیبیو کرایا جارہا ہے۔ پاکستانی سلیکٹرز کو دوسری مضبوط ٹیموں سے کچھ سیکھنا چاہئے۔ بھارت، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کو دیکھئے، وہ کس طرح کے کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ میں لارہے ہیں۔ بھارت، انگلینڈ، نیوزی لینڈ کے کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ میں کھیلنے کیلئے بالکل تیار ہیں۔ وہ اس لئے کیونکہ انہوں نے جونیئر اور گھریلو سطح پر کافی کرکٹ کھیلی ہے۔ جب ان کا سلیکشن ہوتا ہے تو وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہیں جو کچھ انہوں نے گھریلو کرکٹ سے سیکھا ہوتا ہے ان کا مظاہرہ وہ بین الاقوامی سطح پر کرتے ہیں۔عامر نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت یہ ہورہا ہے کہ کھلاڑی سوچ رہے ہیں کہ وہ قومی کوچ سے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلتے ہوئے سیکھیں گے۔ آپ آئی پی ایل میں بھارتی بیٹسمین ایشان کشن، سوریا کمار یادو اور کرنال پانڈیا کو دیکھئے، وہ انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے بالکل تیار نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے جب ڈیبیو کیا تو لگا ہی نہیں انہیں ٹیم کو کوچ سے زیادہ مدد کی ضروت ہے۔ انہوں نے کافی وقت تک گھریلو کرکت کھیلی ہے اور آئی پی ایل کے آنے سے انہیں کافی مدد ملی ہے۔