لاہور(کامرس رپورٹر ) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) نے گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور چیئرمین افتخار علی ملک کا بہترین متبادل تلاش کرنے اور ٹریڈ پالیٹکس میں نیا خون شامل کرنے کیلئے اتوار 16 مئی کو کور کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے۔ چیئرمین یو بی جی افتخار علی ملک نے ہفتے کے روز کہا کہ ایس ایم منیر اور انہوں نے از خود اصولی طور پر فیصلہ کیا ہے کہ ہم اپنے عہدے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو سونپ دیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں کے سینئر یو بی جی رہنماؤں کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے کہ وہ کرونا کے بعد کی معاشی صورتحال اور نئے عہدیداروں کے لئے مجوزہ ناموں پر تبادلہ خیال کریں۔ انہوں نے کہا کہ سرپرست اعلیٰ اور چیئرمین کا انتخاب کور کمیٹی جمہوری طریقے سے کرے گی اور اکثریتی ووٹ اور کاروباری برادری کے اعتماد کے حامل رہنماؤں کو دونوں اہم عہدے سونپ دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم منیر اور انہوں نے نصف صدی سے بھی زیادہ عرصے تک ملک بھر کی کاروباری برادری کی بہبود اور تجارت کے فروغ کے لئے نہایت اہم اور بے لوث خدمات سر انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ صدر سارک چیمبر کے عہدے کو برقرار رکھیں گے جس پر فائز ہونا پاکستان کے لئے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نومنتخب عہدیداروں کی رہنمائی اور بھرپور تعاون کرتے رہیں گے اور وہ نئی کور کمیٹی تشکیل دینے میں آزاد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقاء کا انحصار مستحکم معیشت پر ہے جس کے لئے ہمیں ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے کے لئے سخت فیصلے کرنا ہوں گے جو بزنس کمیونٹی کی فعال شرکت اور نتیجہ خیز اقدامات سے ہی ممکن ہے۔آخر میں افتخار علی ملک نے کہا کہ انھوں نے لاہور چیمبر ، فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس ، لاہور فیڈریشن زونل آفس اور سارک چیمبر کی عمارتیں تعمیر کرائیں ۔
ایف پی سی سی آئی کے سرپرست کے انتخاب کیلئے کورکمیٹی کا اجلاس طلب
May 16, 2021