اسلام آباد (خبرنگار) کرونا وائرس کی عالمی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اہم فیصلہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر صحت کی ہدایت پر قومی ادارہ صحت کے سنٹر فار ڈیزیز کنٹرول نے سنٹرل ہیلتھ اسٹیبلشمنٹ کو پاکستان کے انٹرنیشنل ائیر پورٹس پر بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں کے لئے کووڈ 19 ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹنگ کے دائرہ کار کو منظم طریقے سے بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔ کووڈ-19 کی سرویلنس کے لئے ائیر پورٹس پر ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹنگ، رینڈم طریقے سے جاری تھی جسے اب سسٹمیٹک کر دیا ہے اور اس کی استعداد کار کو مزید بڑھا دیا ہے۔ اس سرگرمی کا بنیادی مقصد داخلے کے مقامات کی نگرانی کرنا ہے تاکہ کووڈ-19 سے متاثرہ کسی بھی کیس کا بروقت پتہ لگایا جاسکے۔ سینٹرل ہیلتھ اسٹیبلیشمنٹ کی جانب سے انٹرنیشنل ائئرپورٹس پر ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ کی رفتار میں اضافہ کر دیا گیا۔ وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے عوام کو تحفظ دینے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں‘ احتیاط ہی وبا کو ملک میں پھیلنے سے روک سکتی ہے۔ دوسری طرف ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 17 ہزار 333 کرونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 84 افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مثبت کرونا ٹیسٹ کی شرح 0.48 فیصد رہی ہے۔ مزید برآں اس دوران کرونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 109 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔