اسلام آباد (این این آئی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کی قتل کی سازش سے متعلق بات پر یقین نہیں کرتا، یہ شعبدہ بازی ہے، پہلے کیوں نہیں بولے اب ان کو یہ سارے خیال آرہے ہیں، ساڑھے تین سال حکمران رہے کچھ تو میچورٹی آنی چاہیے تھی۔ ایک انٹرویومیں خواجہ آصف نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کہا تھا اکانومی کو وینٹی لیٹر لگے ہوئے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ جو ساڑھے تین سال انہوں نے گزارے اور جس طرح برسر اقتدار آئے کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں، عمران خان سیاست جانتے تو ملک کا آج یہ حال نہ ہوتا، ملک کے با وقار سیاسی نظام میں عمران خان کی گنجائش نہیں ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ فلاں کا نمبر بلاک کردیا، فلاں سازش کر رہا ہے، جب تک ان کی مدد کی جاتی رہے تب تک ہر چیز اچھی ہے، کوئی قانون قاعدے کے مطابق ڈیل کرے تو پھر ان کو تکلیف ہوتی ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ جو اپنے آپ کو لیڈر دکھا رہے ہیں ان کو یہ زبان استعمال نہیں کرنی چاہیے۔