کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی یونیورسٹی خودکش دھماکا کیس کی تحقیقات میں پیشرفت سامنے آئی ہے اور پولیس نے خود کش بمبار خاتون کی معاونت کرنے والی خاتون کا خاکہ تیار کر لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق تحقیقاتی اداروں نے بم حملے کی ممکنہ معاون خاتون کا خاکہ تیار کر لیا ہے۔ خاتون کی تلاش کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ خود کش بمبار کی معاون خاتون کا خاکہ جائے وقوعہ کے مختلف عینی شاہدین کی معاونت سے ماہرین نے تیار کیا ہے۔ پولیس کی جانب سے معاون خاتون کی شناخت اور تلاش میں عام شہریوں سے بھی مدد فراہم کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ ممکنہ معاون خاتون نے لفٹ دینے والے کار سوار سے 500 روپے کیش کی مدد بھی مانگی تھی۔ خودکش حملہ آور سے ملنا بھی مدد حاصل کرنے کی کوشش ہو سکتا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خاتون خود یا ان کے اہلخانہ بھی تحقیقاتی اداروں کے سامنے خود پیش ہو سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ 26 اپریل کو کراچی یونیورسٹی میں ہونے والے خودکش دھماکے میں کنفیوشس سینٹر کے سربراہ سمیت 3 چینی باشندے اور ایک ڈرائیور جاں بحق جبکہ دو چینی شہریوں سمیت 4 افراد زخمی ہوئے تھے۔