کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے نئی حکومت کے دعووں کے برعکس آٹا،گھی،گوشت اوردالوں کی قیمتوں میں اضافہ سمیت بڑہتی ہوئی مہنگائی پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ادارہ شمارایات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وارمہنگائی کے اعدادوشمارکے مطابق مہنگائی کی شرح 0.49فیصدبڑہ گئی ہے دوسری طرف پیٹرولیم مصناعات کی قیمتوں میں اضافہ کی تیاریاں کی جارہی ہیں جوکہ موجودہ حکومت کی کارکردگی پرسوالیہ نشان اورغریب عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہوگا۔انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہاکہ اے پی ڈی ایم میں شامل اتحادی جماعتوں کی نئی حکومت کے ایک ماہ کے عرصے میں مسلسل ڈالر کی اونچی اڑان، اشیائے خورونوش، بجلی ،سی این جی کی قیمتوں میں ہولناک اضافے کے بعد اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھاری اضافے کی نوید عوام پر بجلی گرانے کے مترادف ہے،پی ٹی آئی کی ساڑھے تین سالہ دور حکومت میں عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے تھے لیکن موجودہ تیرہ جماعتی اتحاد بھی سابقہ حکومت کے نقش قدم پر چلتے ہوئے آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر عوام کو مہنگائی کی سونامی میں غرق کردیا ہے۔ثابت ہوگیا کہ چہروں سے نہیں نظام بدلنے سے ہی ملک وقوم کی تقدیربدل سکتی ہے۔ ملک میں ڈالر کی اونچی اڑان نے مہنگائی کا طوفان برپا کردیا ہے۔ ڈالر کی اونچی اڑان، روپے کی بے قدری،مہنگائی اور بیروزگاری نے عوام کا بھرکس نکال کر رکھ دیا ہے۔سابقہ اور موجودہ حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں سے ڈالر 193 تک پہنچ گیا ہے۔شہباز حکومت بھی عمران حکومت کا تسلسل ثابت ہورہی ہے۔ تبدیلی سرکار کے بعد موجودہ حکومت نے بھی مہنگائی کے ذریعے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔ عوام کا معاشی قتل کرنے والے نااہل اور بددیانت حکمران اقتدار کے لڑائی میں عوام کے مسائل بھول چکے ہیں, ڈالر، بجلی، پٹرول، ڈیزل کی قیمتیں ملکی تاریخ میں بلند ترین سطح پر ہیں جس کی وجہ سے اشیائ خورنوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے اور عوام کی زندگی دوبھر ہوکررہ گئی ہے, دیہاڑی دار مزدور اور نچلے طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگ سب سے زیادہ پریشان فاقوں پر مجبور ہیں۔موجودہ حکمران اس دعوے کے ساتھ اقتدار میں آئے تھے کہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف دیں گے ،ڈالر کو کنٹرول اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی لائی جائے گی لیکن ابھی تک ان کا ایک وعدہ بھی پورا نہیں ہوا ہے، اتحادی جماعتوں کی تمام تر توجہ نیب کے مقدمات سے چھٹکارہ پانے اور بیرون ملک موجود اثاثوں کا تحفظ ہے ان لوگوں کو عوام سے کوئی سروکار نہیں ہے۔سیاسی معاملات کو باہمی بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی بجائے ایکدوسرے پر الزامات کی بارش اور طاقت کے استعمال کی باتیں ملک کو مزید انتشار اور افراتفری کی طرف دھکیل دیں گی اسلئے شہباز شریف پی ٹی آئی سمیت دیگر مخالف جماعتوں سے معاشی،سیاسی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے فوری مذاکرات اور عوام کو حقیقی ریلیف دینے کیلئے مو ¿ثر اقدامات کریں ،بجلی کی قیمتوں میں کیا گیا حالیہ اضافہ واپس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے گریز کیا جائے کیوں کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں بے تحاشہ اضافے کے بعد کھانے پینے کی اشیا مہنگی ہو جائیں گی، جس سے غریب آدمی کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہوگا اور ملک میں غربت مزید بڑھے گی۔
موجودہ حکومت کی کارکردگی پرسوالیہ نشان ہے، امیرجماعت اسلامی سندھ
May 16, 2022