کراچی(این این آئی)کراچی ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت میٹرک کے امتحانات 17 مئی سے شروع ہوں گے جبکہ ہزاروں طلبا کو تاحال ایڈمٹ کارڈ کا اجرا نہیں ہوسکاہے۔ہزاروں طلبا پریشان ہیں، متعدد سرکاری اسکول بھی تاحال ایڈمٹ کارڈ سے محروم ہیں، والدین اور اسکول کے نمائندے کئی گھنٹوں سے بورڈ آفس میں اتوار کے روز بھی ایڈمٹ کارڈ کے اجرا کے لیے موجود رہے۔ذرائع نے بتایاکہ روانہ کل کل کا بول کربلایا جاتا ہے، ایڈمٹ کارڈ تاحال جاری نہ ہو سکے، کراچی میٹرک بورڈ انتظامیہ کی جانب سے امسال کمپیوٹرائز ایڈمٹ کارڈ بروقت جاری ہونے کا دعوی کیا گیا تھا۔بورڈ ذرائع کے مطابق ہزاروں طلبا کو تاحال ایڈمٹ کارڈ جاری نہ ہوئے، اتوار کے روز بھی مزید امتحانی فارم جمع کیے جا رہے ہیں، 17 مئی سے کراچی میٹرک بورڈ کے تحت امتحانات میں 3 لاکھ 65 ہزار طلبا شریک ہوں گے۔