کراچی(سٹی نیوز )جماعت قادریہ علیمیہ پاکستان کے سربراہ ومرکزی جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر پیر مفتی محمدعبدالعلیم قادری نے کہا ہے کہ نظام مصطفیٰ ﷺ ہی ملک سے بدامنی ،لاقانونیت، لوٹ مار ،کرپشن اور عریانی وفحاشی کا خاتمہ کرسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی نظریاتی مملکت ہے جس میں خلیفہء دوم حضرت سیدنا فاروق اعظم ؓجیسے حکمرانوں اور خلافت راشدہ جیسی حکومت کی ضرورت ہے جو عدل وانصاف پرمبنی معاشرہ قائم کرسکے جہاں ہر ظالم کو بلاامتیاز سزا دی جائے۔انہوں نے کہاکہ مسلمان عشق رسولﷺ کو ہتھیار بناکرہی دنیاپر حکومت کرسکتے ہیں ،کیونکہ عشق رسولﷺ قلب میں خوف خدا ،ظلم سے نفرت اور انسانوں سے محبت پیدا کرتا ہے ،جس کے نتیجے میں ایک صحیح اسلامی فلاحی معاشرہ قائم ہوسکتاہے ۔انہوں نے کہا کہ چور لٹیرے اور دہشت گرد اسی وجہ سے دندناتے پھررہے ہیں کہ انہیں یقین ہے کہ ہمارے سرپرست موجود ہیں جو انہیں سزا سے بچالیں گے ۔پیر مفتی الشاہ محمدعبدالعلیم قادری نے کہا کہ پچھلے حکمرانوں نے اپنے پچھلے تمام حکمرانوں کو بھی مات دے دی ،خاندانی کرپشن کا ریکارڈ قائم کیاگیا، سبھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک پر کرپشن کی نحوست مسلط ہے ،ملک اور قوم کا پیسہ عیاشیوں پر لٹایا گیا اور غریب دووقت کی روٹی کوترس گئے ،شہر کراچی میں لاقانونیت راج کررہی ہے ،قانون نام کی کسی چیزکا کوئی وجود نہیں ہے ،لگ رہاہے کہ سابقہ حکومت کی طرح موجودہ حکومت بھی ناکامی سے دوچار ہوگی۔
پاکستان کو خلافت راشدہ جیسی حکومت کی ضرورت ہے، مفتی عبدالعلیم قادری
May 16, 2022