حافظ آباد(نمائندہ خصوصی+نامہ نگار)مسلم لیگ(ن) منیارٹی ونگ کے ڈویژنل صدر سہیل انور سہوترا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے گرجا گھرکو جلسہ گاہ بنانیکی کوشش کرکے مسیحی برادری کے مذہبی جذبات کو بھڑکایا ہے۔عمران خان ملک میں مذہبی انتشار پھیلا نے کی کوشش کر رہے ہیں جو کہ ریاست پاکستان کے لئے کسی خطرے سے کم نہیں۔ان خیالات کا اظہار وہ اپنی رہائش گاہ پر ایک ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران کر رہے تھے۔مسلم لیگ(ن)منیارٹی ونگ کے ضلعی صدر رمیض ریاض کھوکھر، سٹی صدرملک عدیل ، سٹی سینئر نائب صدر گل ریز سمیت دیگر اقلیتی رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سہیل انور سہوترا نے کہا چرچ کی جگہ کو سیاسی جماعت کے جلسہ گاہ کی اجازت نہ دینے کے مسیحی برادری کے فیصلے کو ریاستی تحفظ دینا قانونی اداروں کی ذمہ داری تھی جو انہوں نے احسن انداز میں نبھائی ۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا سیالکوٹ میں چرچ کی ملکیتی گراؤنڈ میں زبردستی جلسہ کرنا اقلیتوں کودبانے کی کوشش تھا، جو کسی بھی صورت جمہوری اصولوں کے مطابق نہیں تھاکیوں کہ چرچ کی پراپرٹی پر بغیر اجازت کے کسی قسم کا سیاسی جلسہ نہیں ہوسکتا اور بالخصوص ایسا جلسہ نا ممکن ہے کہ جس میں باتیں کم اور ناچ گانا زیادہ ہو۔ان کا کہنا تھا کہ منیارٹی ونگ اپنے قائد خلیل طاہر سندھو اور سائرہ افضل تارڑ کی قیادت میں متحد ہے اور ماضی کی طرح ملکی مفاد کو پروان چڑھانے کے لیے کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔انھوں نے مزید کہا کہ ضلع گوجرنوالہ مسلم لیگ(ن) کا گڑھ ہے اور آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ(ن) ڈویژن بھر میں کلین سویپ کرے گا۔