گھبرانے کا وقت اب زرداری‘ حواریوں کا  ہے:  علی زیدی 

May 16, 2022


کراچی (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے وزیر اعلی سندھ کی پریس کانفرنس پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھبرانے کا وقت اب زرداری اور اسکے حواریوں کا ہوا چاہتا ہے، اپنے جاری بیان میں پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے کہا کہ کل اچانک سندھ حکومت کو یاد آگیا کہ اپوزیشن لیڈر پر اسلحہ رکھنے کا کیس ہے، ضمانت قبل از گرفتاری کے باوجود پولیس بار بار انکے گھر ریڈ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرداریوں کو صرف چارٹر آف کرپشن سمجھ میں آتا ہے۔ مراد علی شاہ بتائیں کہ کیا اب ایم کیو ایم ان کے لیے اچھی ہوگئی؟ ہمارے دور میں کراچی کی ترقی میں سندھ حکومت سب سے بڑی رکاوٹ رہی ہے۔  اس وقت سندھ میں بننے والے ہر منصوبے میں کرپشن ہورہی ہے۔ حال ہی میں محکمہ آبپاشی کے منصوبے میں 6 ارب کی کرپشن کا انکشاف ہوا تھا۔ پانی کے معاملے پر سندھ حکومت عوام کو صرف بیوقوف بناتی رہی ہے۔ اربوں روپے کے فور میں لگا کر کہا گیا ڈیزائن غلط ہے ۔ انہوں نے عوام کے ٹیکس کے پیسے کو اپنی جاگیر سمجھا ہوا ہے، یہ چاہتے تھے کہ پی ٹی آئی بھی انکے ساتھ ’’آئو مل کر کھاتے ہیں‘‘کے فارمولے پر کام کرے۔ اب انہیں’’آئو مل کر کھاتے ہیں‘‘والے مل گئے ہیں۔ علی زیدی نے کہا کہ وزیر اعلی نے سانگھڑ تا نوابشاہ 62کلو میٹر سڑک بنوائی۔ وزیر اعلی کو ملک کے معاشی حب کراچی کی حالت زار نہیں دکھتی، پورے ملک کو چلانے والے شہر کی سڑکیں تباہ حال ہیں۔ زرداری مافیا غریب کاشتکار کا پانی چوری کر رہا ہے، سندھ میں آج بھی ایک ایمبولنس آنے میں کئی گھنٹے لگ جاتے ہیں۔ صوبے میں کہیں آگ لگ جائے تو بارہ گھنٹے تک فائر بریگیڈ نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ حلیم عادل کے خلاف بار بار انتقامی کاروائی پیپلز پارٹی کی گھبراہٹ کا مظاہرہ ہے، انشااللہ پی ٹی آئی سندھ حکومت بنا کر سندھ کو صحت کارڈ دیگی۔

مزیدخبریں