کراچی (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی وصیت پبلک کریں۔ چیئرمین پی ٹی آئی گھبرائیں نہیں‘ جس سے خطرہ ہے اس کا نام لیں۔ گزشتہ روز یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ دیگر صوبوں میں اگر عمران خان کو خطرہ ہے تو وزیراعظم شہباز شریف کارروائی کریں گے۔ اگر خطرہ غلط نکلا تو عمران خان کے خلاف غلط بیانی پر کارروائی ہوگی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ صوبے کی ترقی کیلئے تمام جماعتیں مل کر کام کریں گی، ہر سپورٹ کو قبول کریں گے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ساڑھے تین سالوں میں وفاقی اور صوبائی حکومت کے درمیان کوئی رابطہ نہیں تھا۔ حلیم عادل شیخ جب بیمار تھے تب ہم نے ہسپتال کی سہولت دی۔ آصف علی زرداری نے ساڑھے تین سال پہلے قومی اسمبلی میں کہا تھا کہ ہمیں میثاق معیشت کرنا چاہئے، ہمیں الزام تراشیوں سے آگے نکلنا ہوگا۔ سابق حکومت کی نااہلی ہے ملک اس وقت شدید مالی بحران کا شکار ہے۔ متحدہ کے ساتھ معاہدے میں ایک اہم جزو بلدیاتی انتخابات ہیں۔ ہم خود بلدیاتی انتخابات کرانا چاہتے ہیں۔ کراچی چیمبر سے ملکر شہری ترقی کیلئے کام کریں گے۔ پانی پر 2018ء میں سی سی آئی کی رپورٹ ہمارے حق میں تھی۔ عمران خان کی حکومت نے سی سی آئی کی رپورٹ کو مسترد کیا تھا۔ سندھ سے نکلنے والی گیس پر ہمارا حق ہے۔