پشاور‘ اسلام آباد (بیورو رپورٹ +خبر نگار خصوصی) پشاور کے علاقے سربند میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو سکھ شہری ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار حملہ آور فائرنگ کر کے فرار ہو گئے جن کی تلاش کے لیے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سکھ شہریوں کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ محمود خان نے سکھ شہریوں کی ہلاکت کے واقعے کو شہر کے ماحول اور بین المذاہب ہم آہنگی کو خراب کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ محمود خان کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت بین المذاہب ہم آہنگی جیسی ایسی کوششوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور میں سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے دو پاکستانیوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو ہدایت کی کہ رنجیت سنگھ اور کنول سنگھ کے قاتلوں کو جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ اس دہشت گردی کے پیچھے پاکستان دشمنی ہے، ایسے دشمنوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رنجیت سنگھ اور کنول سنگھ کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں۔
سکھ ہلاک