حج قرعہ اندازی‘ 32 ہزار 453 افراد سعادت حاصل کریں گے

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود نے کہا ہے کہ سرکاری سکیم کے تحت 32 ہزار 453 افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ وفاقی وزیر مولانا عبدالواسع کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مولانا اسعد محمود نے کہا کہ گزشتہ 2 سال کرونا کی وجہ سے حج انتہائی محدود کردیا گیا تھا، رواں سال بھی حج کی تیاریوں کے لئے انتہائی کم وقت ملا ہے۔ 63 ہزار 604 حج درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ حج اخراجات زیادہ ہونے کے باعث بھی کم درخواستیں موصول ہوئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کامیاب امیدواروں کو بذریعہ ایس ایم ایس آگاہ کیا جائے گا۔ قرعہ اندازی کے ذریعے 32 ہزار 453 افراد حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔ سرکاری سطح پر ایک ہزار افراد کا خصوصی کوٹہ الگ سے رکھا گیا ہے، عازمین کے 26 ہزار 960 گروپ بنائے گئے ہیں۔ عازمین حج کیلئے اپنا ذاتی سمارٹ فون لے جانا لازمی ہے۔ رواں سال پاکستان کا حج کوٹہ 81 ہزار 132 ہے۔  60 فیصد نجی اور 40 فیصد سرکاری کوٹہ مختص کیا گیا جبکہ 50 ہزار روپے ٹوکن کے ساتھ حج درخواستیں وصول کی گئی تھیں۔ سعودی عرب کی حتمی منظوری کے بعد سرکاری حج اخراجات کا اعلان کیا جائے گا جبکہ غیر منتخب افراد دفتری اوقات میں اپنی رقم واپس لے سکیں گے۔قبل ازیں وزارت مذہبی امور نے حج قرعہ اندازی کے ذریعہ درخواستیں دینے والے 63ہزار 604درخواست گزاروں میں سے سرکاری حج سکیم کے تحت فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے والے 32ہزار 453خوش نصیب عازمین کے ناموں کا اعلان کر دیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور کی جانب سے وفاقی وزیر مواصلات مفتی اسعد محمود اور وفاقی وزیر ہائوسنگ مولانا عبدالواسع نے سیکرٹری حج کے ہمراہ پریس کانفرنس کے بعد ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے ذریعہ حج 2022ء (1443ھ)کے عازمین کا اعلان کیا گیا۔ پہلے تین خوش نصیب عازمین میں غلام حسین ساکن نارروال، آصف علی شاہ ساکن پشاور، خوج محمد ساکن پشین شامل ہیں۔

ای پیپر دی نیشن